سازشی عناصر کے شناختی کارڈ،پاسپورٹ بلاک کرینگے: ن لیگ

 سازشی عناصر کے شناختی کارڈ،پاسپورٹ بلاک کرینگے: ن لیگ

اسلام آباد (اے پی پی) پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ونشریات بیرسٹر دانیال چودھری نے کہا کہ پاکستان کو احتجاج اور دھرنوں کی نہیں بلکہ ترقی وخوشحالی کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد پر چڑھائی کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی،نفرت اور  آگ لگانے والی سیاست کا سختی سے جواب دیاجائے گا، سازشی عناصر کے شناختی کارڈ،پاسپورٹ بلاک کرنے سمیت سخت ایکشن لیا جائے گا،پاکستان کی ترقی کو ڈی ریل کرنے کی سازش ہورہی ہے ،9 مئی کے کیسز کا حساب ہونے تک سازشیں بند نہیں ہوں گی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے دانیال چودھری نے کہا کہ بشریٰ بی بی کا سعودی عرب کے حوالے سے بیان کا مقصد سعودی عرب کے ساتھ تعلقات خراب کرنا ہے ۔اس سے پہلے امریکا سے تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی گئی۔ بشریٰ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات خراب کرنا چاہتی ہیں ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن )کے سینئر رہنما سینیٹر طلال چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی نے عہدوں کا غلط اور ناجائز استعمال کیا، بشریٰ بی بی کا ماضی سب کے سامنے ہے ، وہ سیاست اور پی ٹی آئی پر قبضہ چاہتی ہیں، پی ٹی آئی کی سیاست چند گھریلو خواتین کے ہاتھ میں ہے ، پی ٹی آئی دوست ممالک کے خلاف بیان بازی کے ذریعے ملک کو مشکلات میں ڈالنا چاہتی ہے ۔پاکستان کے دوست ممالک کو ہی کیوں ٹارگٹ کیا جاتا ہے ؟، طلال نے کہا کہ سعودی عرب کو تو برا بھلا کہتے ہیں اور اپنے سابق سسرال کو کندھوں پر بٹھایا جاتا ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ بشریٰ بی بی کے بیان پر پی ٹی آئی کی قیادت کے منہ کیوں بند ہیں، اس کی مذمت کیوں نہیں کی جاتی؟۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں