یاسمین راشد شوکت خانم ہسپتال داخل امید ہے حکومت سے بات چیت آگے بڑھے گی :رؤف حسن
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے سینئر رہنما رؤف حسن نے کہا ہے امید ہے حکومت سے بات چیت آگے بڑھے گی،ہم نے عمران خان ،یاسمین راشد سمیت تمام سیاسی اسیروں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اس بارے میں کوئی سخت جواب نہیں ملا، باقی لوگ کس حال میں ہیں اس کا نہیں پتا،ڈاکٹر یاسمین راشد اس وقت شوکت خانم ہسپتال میں داخل ہیں۔ ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کل جو میں نے بیان دیا تھا مذاکرات کے حوالے سے بالکل ٹھیک تھا ،کل ہم عمران خان سے ملنے اڈیالہ بھی گئے تھے لیکن ہم نہیں مل سکے ،ایسا لگتاہے کل سے بات چیت آگے نہیں بڑھی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا میں اس پوزیشن میں نہیں ہوں کہ کسی مذاکرات کی تصدیق کروں،بات چیت کے بغیر آگے نہیں بڑھا جاسکتا، ہفتہ کو کوئی بات چیت ہوئی ہے یا نہیں اس کا علم نہیں ہے تاہم مذاکرات میں ابھی تعطل آیا ہے ، اُمید ہے جلد پیش رفت ہوگی۔جو بات چیت ہورہی تھی اس میں کہا گیا تھااحتجاج کی کال واپس لیں،ہمیں پہلے بھی اسلام آباد آنے سے روکا گیا، اس بار بھی ایسا ہورہا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا بشریٰ بی بی کے بیان میں سعودی عرب کا کہیں نام نہیں لیا گیا تھا۔