10ہزار کارکن گرفتار کئے گئے :حامد رضا
لاہور (آن لائن)سنی اتحاد کونسل پاکستان اور قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پنجا ب اور وفاق میں نااہل ٹولہ کی حکومت کا دھڑن تختہ ہونے والا ہے ۔
پنجاب حکومت نے پولیس کو پرو پولیٹیکل فورس بنا دیا ہے ۔ وفاقی وزرا حکومت کے نہیں فسادیوں کے وزرا ہیں۔ پنجاب میں شدید ترین کریک ڈاؤن کرکے بھی کہا جارہا ہے کہ احتجاج کے لیے لوگ نہیں نکلے ۔بدترین کریک ڈاؤن کے باوجود بہت بڑی تعداد اسلام آباد کی طرف روا ں دواں ہے ۔ پنجاب بھر سے 10ہزار کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔ایک گھنٹے میں چار، چار پریس کانفرنس کرنے والے حکومتی وزرا کے اوسان خطا ہوچکے ہیں۔ مرکز اہلسنّت جامعہ رضویہ پر پولیس گردی فسطائیت کی بدترین مثال ہے ۔ میری گرفتاری کے لیے میرے دفتر اور رہائش گاہ پر پولیس تعینات کردی گئی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد روانگی سے قبل اپنے حلقہ میں کارکنوں سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔