مغوی بچے کا سراغ نہ ملا ، بلوچستان میں آج ہڑتال ، تعلیمی ادارے بند

مغوی بچے کا سراغ نہ ملا ، بلوچستان میں آج ہڑتال ، تعلیمی ادارے بند

کوئٹہ( این این آئی)کوئٹہ سے اغوا ہو نے والے تاجر کے بیٹے کا دسویں روز بھی سراغ نہ لگایا جا سکا۔ دھرنا کمیٹی نے آج صوبہ بھر میں پہیہ جام ہڑتال جبکہ حکومت نے مشکلات پر تعلیمی ادارے بند کرنے کااعلان کردیا۔

 15نومبر کی صبح مقامی تاجر کے 10سالہ بیٹے مصورکاکڑ کو نامعلوم افراد سکول وین سے اتار کرلے گئے تھے ، 10روز گزرنے کے باوجود پو لیس کو اغوا کاروں بارے معلومات نہ مل سکیں ،مغوی کی عدم بازیابی پراہلخانہ، سیاسی جماعتوں، وکلا ، تاجروں اور طلبا کا کوئٹہ کے تنظیم چوک پر دھرنا 9ویں روز بھی جاری رہا جس سے شہرمیں ٹریفک کانظام درہم برہم رہا۔ دھرنا کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ مصور کاکڑ کی عدم بازیابی کیخلاف آج پیر کو صوبہ بھر میں پہیہ جام ہڑتال کی جائیگی ۔ حکومت بلوچستان نے آج صوبے کے تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کردیا ۔ صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے بتایا آج صو بے بھر میں نجی و سرکاری سکول، کالجز اور جامعات میں تعطیل ہوگی اور تدریسی عمل معطل رہے گا ۔ حکومت نے یہ فیصلہ آج صوبے میں پہیہ جا م ہڑتال پرپبلک ٹرانسپورٹ کی بندش،طلبہ، اساتذہ اور عملے کی مشکلات سمیت امن امان کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا ہے ۔ چھٹی سے متعلق محکمہ تعلیم نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں