سی ٹی ڈی پنجاب کی کارروائیاں 34 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا

سی ٹی ڈی پنجاب کی کارروائیاں  34 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا

لاہور(کرائم رپورٹر)کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب(سی ٹی ڈی)نے رواں ماہ دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر صوبہ کے مختلف شہروں میں 242 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے 34 دہشتگردوں کو گرفتار کیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی نے ہفتہ کے روز بتایا کہ یہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں لاہور،بہاول نگر،بہاولپور،گوجرانوالہ،فیصل آباد،راولپنڈی،نارووال،سرگودھا ،چکوال،جہلم ،اٹک ،گجرات،بھکر اور رحیم یار خان میں کی گئیں۔ ترجمان کے مطابق لاہور سے فتنہ الخوارج سمیت دیگر تنظیموں کے 11انتہائی خطرناک دہشت گردوں کو بارودی مواد اور اہم عمارتوں کے نقشوں سمیت گرفتا ر کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد جس میں28 ڈیٹونیٹرز،89فٹ حفاظتی فیوز وائر ،گولیاں، اسلحہ،ہینڈ گرنیڈ، ایک آئی ای ڈی بم 4،پرائما کارڈز 3فٹ ،موبائل فون ،ممنوعہ پمفلٹس، نقدی اور دیگر ممنوعہ سامان برآمد کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ دہشتگردوں کی شناخت زبیر،اسلم،ابوبکر،فدا حسین ،فہد سلیم،سیف اﷲ، نفیس،اصرار،حاجی شاہ اور عبداﷲ وغیرہ کے نام سے ہوئی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ دہشت گرد لاہور میں ایک اہم سرکاری عمارت کو نشانہ بنانا چاہتے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ کے دوران سی ٹی ڈی کی جانب سے 7536کومبنگ آپریشنز کے دوران637مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔آپریشنز کے دوران 235630افراد سے پوچھ گچھ بھی کی۔انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی نہ صرف محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے بلکہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے بھی پرعزم ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں