انڈر19ایشیا کپ:پاکستان کا بھارت کو ہراکر فاتحانہ آغاز
دبئی (سپورٹس ڈیسک )انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے بھارت کو 43 رنز سے شکست دیدی۔ دبئی سٹیڈیم میں کھیلے گئے
اس میچ میں قومی انڈر19 ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے ۔ نوجوان شاہزیب خان نے 159 رنز کی اننگز کھیلی ،جس میں 5 چوکے اور 10 بلند و بالا چھکے شامل تھے ۔ انکے علاوہ عثمان خان 60 رنز بنا کر دوسرے ٹاپ سکورر رہے اور محمد ریاض اللہ 27 رنز کے ساتھ تیسرے قابلِ ذکر بلے باز تھے جبکہ باقی کوئی کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہوسکا۔ بھارت کی جانب سے سمرتھ ناگاراج نے 3 وکٹیں لیں ،قومی ٹیم کے بیٹرز نے روایتی حریف ٹیم کے بلے بازوں کو کھل کر نہ کھیلنے دیا۔ بھارتی ٹیم کے نکھل کمار 67 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ اختتامی لمحات میں محمد احسان نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی جیت کی امید پیدا کی، لیکن یہ امید زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی وہ 30 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے اور اسکے ساتھ ہی پوری بھارتی ٹیم 48ویں اوور میں 238 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے علی رضا نے 3، عبدالسبحان اور فہام الحق نے دو دو جبکہ نوید احمد اور عثمان خان نے ایک ایک وکٹ لی۔ پاکستان اپنا اگلا میچ کل میزبان یو اے ای کے خلاف کھیلے گا۔ادھر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھارت کے خلاف افتتاحی میچ جیتنے پر ٹیم پاکستان کو مبارکباد اور شاباش دیتے ہوئے کہاکہ کھلاڑی متحد ہو کر کھیلے اور کامیابی حاصل کی، امید ہے کہ ٹیم آئندہ میچوں بھی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھے گی۔