پی ٹی آئی کو لانگ مارچ،دھرنوں کے باوجود کچھ نہیں ملا:تھنک ٹینک
لاہور ( دنیا نیوز )دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘تھنک ٹینک ’’میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری کا کہنا تھا کہ حکومت کو طاقت کا تکبرہے ،بلاول بھٹو کی مذاکرات کی باتوں کی کوئی اہمیت نہیں ۔
حکومت اورتحریک انصاف کو اپنا تجزیہ کرنا چاہیے ، ٹھنڈے دل سے سوچیں، انہوں نے ایک سال میں کیا پایا ہے ؟،حکومت کی طاقت کمزور ہوئی ہے ، تحریک انصاف کو لانگ مارچ،دھرنوں کے باوجود کچھ نہیں ملا۔ دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی کا کہنا تھا کہ اسدقیصرسے میری بات ہوئی ہے ، انہوں نے کہا کہ احتجاج کی ناکامی کے بعد ہم بڑی مشکل سے دوچار ہیں،ہمارے ہزاروں کارکن اس وقت جیلوں میں ہیں۔سلمان غنی نے کہا اگر تحریک انصاف کی سیاست دیکھی جائے تو ڈائیلاگ کا عمل ان کی روایت نہیں ہے ، تحریک انصاف اب دوبارہ احتجاج کی طرف نہیں جائے گی۔ تجزیہ کار حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں لگتا کہ سیاسی منظرنامہ میں تبدیلی آسکے ،عام انتخابات کے بعد تحریک انصاف کو جو عوام کی طاقت ملی وہ ان سے نکل چکی ،اب تحریک انصاف احتجاج کرے ، دھرنے دے ، کچھ حاصل نہیں کرسکے گی۔ تجزیہ کار ڈاکٹر رسول بخش رئیس کاکہنا تھا کہ تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے ، دونوں کو لچک دکھانی ہو گی،موجودہ سیاستدانوں نے ماضی اور تاریخ سے سبق نہیں سیکھا،ہمارا معاشرہ سیاستدانوں کی سیاسی لڑائی میں پھنسا ہوا ہے ۔