3ماہ کیلئے کسٹم ڈیوٹی کے بغیر سیاحوں کو گاڑیوں کی درآمد کی اجازت
لاہور (نیو زرپورٹر )ایف بی آرنے 3ماہ کیلئے کسٹم ڈیوٹی ادائیگی کے بغیر سیاحوں کو گاڑیوں کی عارضی درآمد کی اجازت دے دی۔
ترمیم شدہ کسٹمز رولز 2001 کے مطابق ایس آر او 1965 میں بیان کیا گیا کہ بینک گارنٹی کی بنیاد پر گاڑیاں درآمد کرنے والے سیاح اب اپنی گاڑیاں کسٹم افسر کے ذریعے لا سکتے ہیں،ڈیلیوری بغیر کسٹم ڈیوٹی ہوگی بشرطیکہ سیاح واضح کرے کہ وہ پاکستان میں قیام کے دوران گاڑی کی ملکیت کسی اور کو منتقل نہیں کرے گا۔ سیاح تین ماہ میں گاڑی برآمد کرنے سے قاصر رہیں تو وہ توسیع کے لیے درخواست دے سکتے ہیں جوتین ماہ سے زیادہ نہیں ہوگی۔ایک سال کے اندر وہی گاڑی دوبارہ پاکستان داخل ہونے کی صورت میں صرف 14 دن کے لیے عارضی اجازت ہوگی، البتہ یہ کہ گاڑی کسی تسلیم شدہ غیر ملکی ٹور ایجنسی کے ذریعے چلائی جا رہی ہو۔ ایسے معاملات میں، ایک وقت میں تین ماہ تک دوبارہ داخلے کی اجازت ہوگی۔