پختونخوا میں سینیٹ انتخابات کب؟الیکشن کمیشن کو جواب کیلئے آخری مہلت
پشاور(دنیا نیوز)پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن کرانے سے متعلق درخواست پر جواب جمع کرانے کے لیے آخری مہلت دے دی۔
پشاور ہائیکورٹ میں خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے لئے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی درخواست پر سماعت ہوئی ،درخواست گزار کے وکیل نے کہا سینیٹ الیکشن کرائے جائیں ، صوبے کی 11 سیٹیں خالی اور نمائندگی نہیں ، چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہاالیکشن کمیشن کا اجلاس کب ہے ؟ وہ فیصلہ کرے کہ کب الیکشن کرانا ہے ،سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیار کیا کہ ہمیں وقت دیا جائے ،الیکشن کمیشن میں اس حوالے سے اجلاس ہونا ہے ، ہم جواب جمع کرائیں گے ، چیف جسٹس نے کہا سینیٹ میں ہمارے صوبے کی نمائندگی نہیں ،سپیشل سیکرٹری نے جواب دیا کہ آدھی نمائندگی ہے آدھی سیٹیں خالی ہیں،چیف جسٹس نے حکم دیا کہ آخری موقع دیتے ہیں، آئندہ سماعت پر بتائیں الیکشن کمیشن اجلاس میں کیا فیصلہ ہوا، 24 دسمبر کو جواب جمع کرائیں، معاملے کو مزید ملتوی نہیں کریں گے ،بعدازاں عدالت نے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 24دسمبرتک ملتوی کردی۔