تنازعات پرپی پی اور حکومتی کمیٹیوں کی ملاقاتوں پراتفاق
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ،وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اورگورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقاتیں کیں ۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے درمیان تنازعات کے حل کیلئے پاکستان پیپلزپارٹی اور حکومتی کمیٹیوں کی ملاقاتوں پر اتفاق کیا گیا۔راجہ پرویز اشرف، فیصل کریم کنڈی اور سرفراز بگٹی بھی ملاقات میں موجود تھے ۔قبل ازیں گورنر فیصل کنڈی نے بلاول بھٹو سے ملاقات میں پشاور میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس سے متعلق بریفنگ دی اوربتایاکہ اے پی سی میں خیبرپختونخوا کی 16 جماعتیں شریک تھیں جبکہ پی ٹی آئی نے قیام امن اور صوبائی وسائل کے وفاق سے تنازع کے حوالے سے ہونے والی اے پی سی کا بائیکاٹ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پشاور میں ہونے والی تاریخی آل پارٹیز کانفرنس ایک اہم قدم ہے ، میں خیبرپختونخوا کے وسائل اور صوبے میں قیام امن کیلئے آپ کے ساتھ کھڑا ہوں۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی نے بلاول بھٹوسے ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی صورت حال سے متعلق بریفنگ دی۔