وفاقی حکومت کو آئین سے کھلواڑ نہیں کرنے دینگے:شازیہ مری
کراچی (آئی این پی)پاکستان پیپلز پارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کو آئین سے کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے ، آئین کے آرٹیکل 158 کی کھلی خلاف ورزی کی جارہی ہے ۔
کراچی سے جاری بیان میں شازیہ مری نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لے ، فیصلے ذاتی نہیں ملکی مفاد میں کیے جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ درآمدشدہ مہنگی ایل این جی کا بوجھ عوام پر ڈالنے نہیں دیں گے ، قدرتی گیس پاور پلانٹ کو دے کر عوام کو محروم رکھا جا رہا ہے ۔پی پی ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم اپنے وفاقی وزیر توانائی سے پوچھیں وہ کس کی ایما اور ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ قومی اسمبلی کے فلور پر معاملہ اٹھایا گیا مگر وفاقی وزیر توانائی ایوان کو مطمئن نہ کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت کے 10 ماہ میں سی سی آئی کا ایک بھی اجلاس نہیں ہوا۔ آئینی طور پر حکومت 90 دن میں اجلاس بلانے کی پابند ہے ، وفاق مسلسل آئین شکنی کر رہا ہے ۔ شازیہ مری نے کہا کہ وفاق اجلاس نہ بلا کر صوبوں کو فیصلہ سازی میں ان کے آئینی حق سے محروم کر رہا ہے ۔ وفاقی حکومت کو آئین سے کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے ۔ آئین کے آرٹیکل 158 کی کھلی خلاف ورزی کی جارہی ہے ، آرٹیکل 158 کے تحت جس علاقے میں قدرتی گیس کا کنواں واقع ہے پہلے اس علاقے کی ضرورت کو پورا کرنا لازم ہے ۔انہوں نے کہا کہ سی سی آئی کا اجلاس نہ بلانا شراکت داری کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے ، وزیر موصوف بتائیں اضافی ایل این جی کیوں خریدی اور آج سرپلس کیوں ہے ؟۔