ڈولفن سکواڈ:10افسر واہلکار کرپشن پرنوکری سے فارغ
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈولفن سکواڈ میں کروڑوں کی کرپشن کا سکینڈل سامنے آ گیا ۔ انکوائری کمیٹی نے رپورٹ مکمل کر لی جس میں ایس پی ڈولفن اور 10 افسروں و اہلکاروں کو کرپشن میں ملوث پایا گیا ۔
پولیس ذرائع کے مطابق سکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز نے ڈولفن سکواڈ کے سب انسپکٹر ناصر خان، اے ایس آئی شاہد، سخاوت کانسٹیبل، حمزہ، امانت، نقاش اور عرفان سمیت دیگر اہلکارروں کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کر کے ملازمت سے فارغ کر دیا، انکوائری رپورٹ کے مطابق ڈولفن سکواڈ کی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی مرمت کیلئے 20 کروڑ کے فنڈز کا اجرا کیا گیا ، جس میں 8 کروڑ کی کرپشن کی گئی۔ پروکیورمنٹ اور ایم ٹی افسروں نے ملی بھگت سے کرپشن میں حصہ لیا۔ افسروں نے موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی مرمت کے لیے پیپرا رولز کی خلاف ورزی کی اور ناقص پرزہ جات خریدے ۔انکوائری کمیٹی نے ایس پی ڈولفن زوہیب کے خلاف بھی رپورٹ آئی جی پنجاب کو ارسال کر دی ، جس میں انکی غفلت اور کرپشن میں ملوث ہونے کی نشاندہی کی گئی۔