آلودگی بڑا مسئلہ، کلائمیٹ کورٹ بننی چاہیے :جسٹس منصور شاہ
اسلام آباد(دنیا نیوز)سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ نے کہا فضائی آلودگی پاکستان کیلئے بہت بڑا مسئلہ ہے ، کلائمیٹ کورٹ قائم ہونی چاہیے ۔
اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس 2024 سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ہم نے کلائمیٹ چینج اتھارٹی کو ٹیک اپ کیا، پاکستان کی آئینی عدالتیں انوائرمنٹ کے معاملہ کو دیکھ رہی ہیں، ملک کو شدید ترین موسمیاتی تبدیلی کے مسائل کا سامنا ہے ۔کلائمیٹ فائنانس پر کام نہ کیا تو ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک میں بہت بڑا فرق پیدا ہوگا، پاکستان سے کیا گیا 100 ارب ڈالر کا وعدہ پورا نہیں کیا جا رہا ہے ، گلوبل فنڈ پاکستان کی جانب نہیں آرہا، 20 بلین ڈالر کا ہمیں نقصان ہوا، ہمیں کیا ملا؟، ٹرک کی بتی کے پیچھے ہم اچھل رہے ہیں لیکن مل کچھ نہیں رہا۔ہمیں کلائمیٹ میکنزم پر کام کرنا ہوگا، ہمیں کلائمیٹ ڈپلومیسی پر کام کرنا چاہیے ، کوئی ڈھانچہ ہی نہیں ہے جس کے ذریعے کلائمیٹ چینج فنڈ کو دیکھا جا سکے ۔عدالت حکومت کو کلائمیٹ چینج پر کام کرنے کا کہہ سکتی ہے ، عدالتیں کوشش کریں گی کہ موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ افراد کی بات سنی جائے ، کلائمیٹ فنانس میں آنے والے فنڈز پر عدالتیں نظر رکھیں، میڈیا کو بھی موسمیاتی مسائل پر بات کرنی ہوگی۔