پاکستان سپر لیگ : 87 مقامی کھلاڑیوں کی کیٹیگیریز کی تجدید

پاکستان سپر لیگ  : 87 مقامی  کھلاڑیوں  کی  کیٹیگیریز کی تجدید

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کے مقامی کھلاڑیوں کی کیٹیگریز کی تجدید کردی گئی جن میں 13 کھلاڑی پلاٹینم کیٹیگری کا حصہ ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن کے لیے 87مقامی کھلاڑیوں کی کیٹیگری تجدید کردی ہے ۔ تین ٹیسٹ کرکٹرز حسن علی، محمد عامر اور صائم ایوب کے ساتھ اسامہ میر کو ڈائمنڈ کیٹیگری سے پلاٹینم کیٹیگری میں ترقی دے دی گئی ہے ۔عماد وسیم، نسیم شاہ، شاداب خان، فخر زمان، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی، افتخار احمد، محمد رضوان اور بابر اعظم کو پلاٹینم کیٹیگری میں برقرار رکھا گیا ہے ۔ڈائمنڈ کیٹیگری میں کل 16 کھلاڑی شامل ہیں جن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے چار، چار کھلاڑی شامل ہیں۔ کراچی کنگز کے تین کھلاڑی، اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے دو، دو اور لاہور قلندرز کا ایک کھلاڑی اس کیٹیگری میں شامل ہے ۔30کھلاڑی گولڈ کیٹیگری کا حصہ ہیں جن میں پشاور زلمی کے 7 کھلاڑی شامل ہیں۔ کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پانچ پانچ کھلاڑی ہیں جبکہ گولڈ کیٹیگری میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے چار چار کھلاڑی ہیں۔سلور کیٹیگری میں شامل 16 کھلاڑیوں میں سے 4 گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے ہیں جبکہ پشاور زلمی کے 3کھلاڑی اس کیٹیگری میں شامل ہیں۔ ایمرجنگ کیٹیگری میں منتخب کیے گئے 12 کھلاڑیوں میں سے تین، تین کھلاڑی اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کا حصہ ہیں۔ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے دو دو کھلاڑی ہیں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کا ایک ایک کھلاڑی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں