موزمبیق :سمندری طوفان چیڈو سے تباہی ،34افراد ہلاک
میپوٹو،پیرس ،جنیوا(اے ایف پی)سمندری طوفان چیڈو نے فرانس کے بعد موزمبیق میں تباہی مچادی اور اب تک 34 افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف رسک اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی رپورٹ کے مطابق طوفان نے سب سے پہلے اتوار کو کابو ڈیلگاڈو صوبے کومتاثرکیا، جہاں 28 افراد ہلاک ہوئے ،تین دیگر افراد صوبہ نامپولا میں اور تین اندرون ملک نیسا میں ہلاک ہوئے ۔طوفان کے دوران 260 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی رہیں اور24 گھنٹوں میں 250 ملی میٹر بارش ہوئی۔چیڈو سے موزمبیق میں ایک لاکھ 75ہزار لوگ متاثرہوئے جبکہ 23ہزار 600گھر اور 170ماہی گیری کی کشتیاں تباہ ہوگئیں ۔یہ طوفان بحر ہند کے فرانسیسی جزیرے مایوٹے سے ٹکرانے کے بعد موزمبیق میں داخل ہو، جہاں اس سے سینکڑوں افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے ۔یہ پیرکو ملاوی پہنچا اور منگل کو اس کے زمبابوے میں ختم ہونے کی توقع تھی تاہم موزمبیق بھی اس کا نشانہ بن گیا۔ فرانسیسی حکام نے طوفان کی تباہ کاریوں کے باعث گزشتہ شام سے جزیرے مایوٹ پر مقامی وقت کے مطابق رات10بجے سے صبح4بجے تک کا کرفیو نافذ کردیا،حکام کاکہناہے کہ کرفیو لوٹ مار کو روکنے کیلئے حفاظتی اقدام کے طور پر لگایا گیا ہے ۔فرانسیسی ریڈ کراس نے کہا ہے کہ اس کا میوٹے میں اپنے زیادہ تر لوگوں سے رابطہ ختم ہو گیا ہے ، میوٹے میں ریڈکراس کے 300 رضاکار اور 137 ملازمین ہیں۔