ڈالر کی پیش قدمی جاری ،تولہ سونا2100روپے سستا
کراچی(بزنس ڈیسک)نئی مانیٹری پالیسی میں شرح سود 2 فیصد گھٹنے کے باعث روپیہ پر بالواسطہ دباؤ بڑھنے سے منگل کو بھی زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی پیش قدمی جاری رہی، ادھر ایک تولہ سونا 2100 روپے سستا ہوگیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 10 پیسے کے اضافے سے 278.27روپے پر جاپہنچا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر9پیسے بڑھ کر 279.23روپے کا ہوگیا ۔ دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا21 ڈالر کی کمی سے 2637ڈالرفی اونس کا ہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں کمی کے باعث مقامی سطح پربھی فی تولہ سونا 2100روپے کی کمی سے 2 لاکھ 74 ہزار 900 کاہوگیا۔اسی طرح دس گرام سونا 1800 روپے کی کمی سے 2 لاکھ 35 ہزار 682 روپے پرآگیا۔یادر ہے کہ پیر کو سونے کی فی تولہ قیمت میں 800 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔دوسری جانب چاندی کی فی تولہ قیمت 3 ہزار 400 روپے پر مستحکم رہی۔