کھاد قیمتوں میں اضافہ صوبائی حکومت کی ناکامی، کسان بورڈ
فیصل آباد(آئی این پی)کسان بورڈ پاکستان کے مرکزی صدر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے گندم کی کاشت شروع ہوتے ہی کھاد کی قیمتوں میں اضافے اور بلیک مارکیٹنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے صوبائی حکومت کی ناکامی قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کھاد مافیا نے کسانوں کو ریلیف دینے کے حکومتی وعدے ہوامیں اڑا دیے ہیں، گزشتہ ایک سال کے دوران مارکیٹ میں کھاد کی قیمتوں میں 200 فیصد تک کا اضافہ ہواہے ۔ ڈی اے پی اور یوریا کھاد کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ صرف قیمتوں میں اضافہ ہی نہیں بلکہ قیمتوں میں اضافے کے ساتھ کھاد بازار سے غائب کر دی گئی ہے جس پر کاشتکار بلیک میں کھاد خریدنے پر مجبور ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بلیک میں کھاد فروخت کرکے کاشتکاروں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے جب کہ صوبائی حکومت ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہے۔