مرغی، دالوں کی قیمتیں مڈل مین کے باعث کم نہیں ہو رہیں:وزیرخزانہ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا سوال اٹھایا جاتا ہے کہ عام آدمی پرمعاشی بہتری کا اثر کیوں نہیں پڑ رہا، مرغی، دالوں کی قیمتیں مڈل مین کے کردارکے باعث کم نہیں ہو رہیں، مرغی، دالوں کی قیمتیں دنیا بھر میں کم ہوئیں ہم بھی مانیٹر کریں گے ۔
ٹھوس اقدامات سے معیشت بہتر ہو رہی، اس سال ترسیلات زر 35ارب ڈالر سے زائد رہنے کی توقع ہے ، کرنٹ اکاؤنٹ 10سال بعد سرپلس ہونا اہم پیشرفت ہے ، شرح سود 13فیصد پر آ گئی، کائبور 12فیصد سے کم، بزنس کانفیڈنس بڑھ رہا، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس 31اور ٹیکنالوجی برآمدات میں 25فیصد اضافہ ہوا، 3ماہ درآمدات کے قابل ہوگئے ہیں۔ای سی سی نے یوریا کھاد کی درآمد پر سبسڈی دینے ، پنشن فنڈ کے قیام کی منظوری دے دی۔ وزرات خزانہ کے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں ای سی سی نے یوریا کھاد کی درآمد پر سبسڈی دینے کیلئے 10ارب روپے جاری کرنے کی اجازت دے دی۔
کمیٹی نے پاکستان سکلز بانڈز کیلئے ایک ارب روپے کی گارنٹی فراہم کرنے ، وزارت ہاؤسنگ کے منصوبے کیلئے ایک رب 80کروڑ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ بھی منظور کی۔ بلوچستان ضلع چاغی میں سیاہ کاپر پراجیکٹ ، وزارت اطلاعات کے منصوبے کیلئے 53کروڑ 61لاکھ روپے ، ڈیجیٹل اکنامی منصوبے کیلئے 2ارب روپے سے زائد سپلیمنٹری گرانٹ ، ایف بی آر کے شعبے پرال کی تنظیم نو کیلئے 3ارب 70کروڑ روپے گرانٹ ، زرعی ٹیوب ویل سولر پر منتقل کرنے کیلئے 14ارب روپے گرانٹ ، پنشن فنڈ قیام کیلئے ابتدائی 30ملین روپے ، 3ابتدائی ڈائریکٹرز اور ایک عارضی چیف ایگزیکٹو آفیسر تقرر کی منظوری بھی دی۔ وزیر خزانہ نے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا مہنگائی ساڑھے 6سال کی نچلی ترین سطح پر آگئی،روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی ترسیلات زرکاحجم 9ارب ڈالرسے تجاوزکرگیا اور سالانہ 31فیصدکااضافہ ہوا۔