موجودہ حالات میں سول نافرمانی تحریک بے معنی ،تھنک ٹینک

موجودہ حالات میں سول نافرمانی تحریک بے معنی ،تھنک ٹینک

لاہور (دنیا نیوز)تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری کا کہنا تھا سول نافرمانی کی کال آخری کارٖڈ نہیں ہے ۔

 دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘تھنک ٹینک ’’میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا سیاست میں آخری کوئی چیز نہیں ہوتی ،وقت کے ساتھ ساتھ تبدیلی آتی جاتی ہے ،پاکستان ایسی صورتحال کا متحمل نہیں ہے ، حکومت اور تحریک انصاف ایسے راستے پر چل پڑی ہیں جس سے دونوں کو نقصان ہوگا،موجودہ حالات میں پی ٹی آئی کی سول نافرمانی کی تحریک بے معنی ہے ، اسے کوئی خاص مقصد حاصل نہیں ہوگا،پی ٹی آئی کو ایسی حکمت عملی اختیار نہیں کرنی چاہئے جس سے نقصان ہو،حکومت مذاکرات کو ٹال رہی ہے ،ایسا رویہ بھی حکومت کو نقصان پہنچائے گا۔دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا 9مئی کے واقعات میں ملوث 25مجرموں کو سزا ملی ہے اس وجہ سے بانی پی ٹی آئی نے سول نافرمانی کی ایک دن پہلے کال دے دی،پیر کو 190ملین پائونڈکیس کا بھی فیصلہ آرہا ہے۔

جیل میں رہنے کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی نفسیاتی کیفیت کا شکارہیں، متوقع سزائوں کودیکھ کر بانی نے کال دی، پی ٹی آئی کے ذمہ دار لوگ سمجھتے ہیں سول نافرمانی سے پارٹی کو نقصان ہوگا۔ تجزیہ کار ڈاکٹر رسول بخش رئیس کاکہنا تھا بانی پی ٹی آئی کاسول نافرمانی کی کال دینا سیاست ہے ،یہ پاکستان میں کامیاب نہیں ہوسکتی ، سول نافرمانی ملک کے اندر ہوتی ہے یہ واحدمثال ہے کہ اوورسیز کو کال دی ہے ،دوسری بات ملک کے معاشی حالات بھی بہتر نہیں ہیں، اس کال سے عوام پر کوئی گہرا اثر نہیں پڑے گا۔ تجزیہ کار حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی کے کیس اب فائنل سطح پر آچکے ہیں،پرسوں ایک فیصلہ سنایا جائے گا،بانی چاہتے ہیں فیصلہ آنے سے پہلے مذاکرات ہمارے کامیاب ہوجائیں اس وجہ سے سول نافرمانی کی کال دی ہے وہ اپنے ریلیف کیلئے ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں ،9مئی کے واقعات میں جو25 افراد کو سزا ملی ہے ہو سکتا ہے بانی پی ٹی آئی کو اس سے زیادہ سخت سزا سنائی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں