لاہور کے کئی علاقوں میں بارش ، مری میں برفباری
لاہور،قصور،مری(اپنے کامرس رپورٹر سے ،خبرنگار ،نمائندگان دنیا )لاہورسمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔
لاہورمیں صبح سویرے موسم سرما کی پہلی بارش سے خشک سردی کا زور ٹوٹ گیا۔ گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، مال روڈ، جیل روڈ، فیروزپورروڈ، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ، کلمہ چوک، گارڈن ٹاؤن میں ہلکی بارش ،قصور، کاہنہ، پاکپتن ، رینالہ خورد میں بوندا باندی ہوئی۔ لاہور میں ہلکی بارش سے ہی لیسکو کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا ، لیسکو کے 170 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ، متعدد علاقوں میں بجلی گھنٹوں بند رہی۔قصور کے نواحی گاؤں پیال کلاں میں بارش سے گھرکی خستہ حال چھت گرنے پر 3بچے ملبے تلے دب گئے ۔ اہل علاقہ نے 12سالہ صدف، 10سالہ فاروق اور 14سالہ مریم کوبحفاظت نکال لیا۔ ریسکیو 1122کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کردیا۔ طویل خشک سالی کے بعد ملکہ کوہسار مری میں موسم سرما کی پہلی برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ،برفباری کے شوقین سیاحوں کی بڑی تعداد مری پہنچ گئی جو شدید سردموسم سے لطف اندوز ہوتے رہے ۔ شام گئے تک مری میں 3 انچ جبکہ گلیات میں 6 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹے میں گلگت بلتستان، کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے ۔ پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کو دْھند چھائے رہنے کی توقع ہے ۔