معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام ضروری :یوسف گیلانی
لاہور(کامرس رپورٹر)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس میں عہدیداران سے اتفاق کرتے ہوئے کہا سیاسی استحکام معاشی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔
انہوں نے لاہور چیمبر پر زور دیا کہ وہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کریں۔اجلاس کی صدارت صدر لاہور چیمبر میاں ابوزر شاد نے کی جبکہ سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چودھری، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین، سابق سینئر نائب صدر علی حسام اصغرو دیگر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا وہ لاہور چیمبر ،سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کے سربراہان اور وفاقی وزرا کے ساتھ براہ راست ملاقاتوں کا اہتمام کریں گے تاکہ مسائل و تجاویز پر براہ راست تبادلہ خیال ہوسکے ، کاروباری شعبہ اور معیشت کی ترقی دل کے بہت قریب ہیں، بطور وزیر اعظم صنعت، تجارت اور معاشی پیشرفت پر توجہ مرکوز کی تھی ۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے معاشی ترقی کے خواب کو حقیقت میں بدلا جا سکتا ہے ، پالیسیاں ایسی ہوں جو مینوفیکچرنگ، ویلیو ایڈیشن، جدت اور قابل تجدیدتوانائی کو فروغ دیں۔ ہائیڈرو پاور سب سے بہترین، سستی اور ماحول دوست توانائی کا ذریعہ ہے ، زرعی شعبہ کو اولین ترجیح دینا ہوگی۔ زرعی پیداوار بڑھانے ، بیج اور زرعی ادویات میں ملاوٹ جیسے مسائل حل کئے جائیں، ہر ایک کو ٹیکس ادا کرنا چاہیے ، یوسف رضا گیلانی نے نقصان دہ قومی اداروں سے متعلق بھی لاہور چیمبر کے صدر کی تجاویز سے اتفاق کیا، چیئرمین سینیٹ نے لاہور چیمبر کی مہمان نوازی اور قومی معیشت میں اس کے اہم کردار کی تعریف کی اور بتایا کہ ان کے ملک بھر کے چیمبرز کے ساتھ مستحکم تعلقات ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوزر شاد نے کہا کہ نجی شعبے کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں میں نمائندگی دی جائے تاکہ موثر اقتصادی نتائج حاصل کیے جا سکیں۔روپے کو مستحکم کرنے اور معاشی بحالی کیلئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ کاروبار کی ایک دن کی بندش سے قومی خزانے کو 10 ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے ۔دریں اثنا چیئرمین سینیٹ کے چٹکلے سے تقریب کشت زعفران بن گئی،یوسف رضا گیلانی نے کہا جب کسان کی فصل اچھی ہوتی ہے پیسے آتے ہیں تووہ پہلے نئی کار خرید لیتا ہے ، پیسہ بچ جائے تو کسی بچے کی شادی بھی کر دیتا ہے ، اس کے بعد بھی بچ جائیں تو اپنی بھی کرا لیتا ہے ۔