صدر کا6بینکوں کو فراڈ متاثرین کے 2کروڑ روپے واپس کرنیکا حکم
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) صدر آصف زرداری کی جانب سے بینک فراڈ کے 31 متاثرین کو ریلیف کی فراہمی کیلئے 6 بینکوں کو 2.4136 کروڑ روپے واپس کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایوان صدر اسلام آباد کے اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے بینکنگ محتسب کے فیصلوں کے خلاف دائر 31 درخواستوں پر فیصلے کیے ، صدر نے متاثرین کے حق میں بینکنگ محتسب کے فیصلوں کو برقرار رکھا، فیصلے عوام کو انصاف اور فوری ریلیف فراہم کرنے کے صدر مملکت کے عزم کے عکاس ہیں۔ متاثرین کو نوسرباز افراد نے خود کو بینک کا نمائندہ ظاہر کرکے دھوکا دیااور فون کالز کے ذریعے صارفین سے بینکنگ کی حساس تفصیلات حاصل کیں،ذاتی بینکنگ تفصیلات حاصل کرنے کے بعد صارفین کے اکاؤنٹس سے رقوم نکلوالی گئیں، صارفین نے فراڈ سے ہتھیائی گئی رقم واپس لینے کیلئے بینکوں سے رجوع کیا لیکن ریلیف نہ دیا گیا،متاثرہ فریقوں نے ریلیف کے حصول کیلئے بینکنگ محتسب سے رجوع کیا، بینکوں نے محتسب کے فیصلوں کو چیلنج کرتے ہوئے صدر مملکت کو الگ الگ درخواستیں دائر کیں،صدر مملکت کے مطابق بینکنگ محتسب شکایات کے فوری حل کیلئے اہم ادارہ ہے ، بینکنگ محتسب طویل قانونی طریقہ کار کے بوجھ کے بغیر متاثرین کو بروقت انصاف فراہم کرتا ہے ۔ عوام بینکنگ تنازعات، فراڈ سے نمٹنے کیلئے بینکنگ محتسب کی خدمات سے استفادہ کریں۔