کرپشن ریفرنس : پرویز الٰہی پر فرد جرم عائد، صحت جرم سے انکار
لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور کی احتساب عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن ریفرنس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی پر فرد جرم عائد کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کرلیا ۔
احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے ریفرنس پر سماعت کی۔ پرویز الٰہی احاطہ عدالت میں حاضری کے لیے پیش ہوئے ،دوران سماعت پرویز الٰہی کے وکیل نے بتایا پرویز الٰہی احاطہ عدالت میں موجود ہیں ،طبیعت ناساز ہونے کے باعث وہ سیڑھیاں چڑھ کر عدالت پیش نہیں ہوسکتے ، عدالت نے عدالتی عملے کے ذریعے پرویز الٰہی کی حاضری مکمل کی اور فرد جرم عائد کردی ۔ ملزم نے صحت جرم سے انکار کیا ۔ سابق وزیر اعلی ٰ کے وکیل نے پرویز الٰہی کی مستقل حاضری معافی کی درخواست دائر کی اور استدعا کی کہ نمائندے کے ذریعے حاضری مکمل کرنے کی اجازت دی جائے ۔عدالت نے مستقل حاضری معافی کی درخواست پر نیب سے جواب طلب کرلیا اور سماعت 21 جنوری تک ملتوی کردی۔ دوسری جانب ایڈیشنل سیشن جج سلیمان گھمن نے ایف آئی اے منی لانڈرنگ اور مشکوک بینک ٹرانزیکشن کا مقدمہ میں پرویز الٰہی سمیت دیگر کے خلاف کیس کی سماعت کی، عدالت نے غیر حاضر ملزموں کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا ۔عدالت نے دیگر ملزموں کو دوبارہ طلبی کے نوٹسز جاری کردئیے ، عدالت نے سماعت 28 جنوری تک ملتوی کردی ۔ل