پختونخوا قرض اتارنے والا پہلا صوبہ بن گیا: مشیرخزانہ

 پختونخوا قرض اتارنے والا  پہلا صوبہ بن گیا: مشیرخزانہ

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ خیبرپختونخوا قرض اتارنے والا پہلا صوبہ بن گیا، ڈیبٹ مینجمنٹ فنڈز میں 30 ارب روپے منتقل کردئیے ۔

مشیر خزانہ کے پی نے کہا کہ دوسرے صوبے اور وفاقی حکومت صرف قرض لیتے ہیں، قرضہ اتارنے کیلئے کوئی پروگرام نہیں ہوتا، جبکہ خیبرپختونخوا حکومت نے قرض اتارنے کیلئے قائم کیے گئے فنڈز میں 30 ارب روپے منتقل کردئیے ہیں۔ مزمل اسلم نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت مزید اس فنڈ میں 30 سے 35 ارب منتقل کر سکتی ہے اور اس فنڈ میں اپنا شیئر مجموعی قرض 725 ارب کے 10 فیصد تک لے جاسکتی ہے ۔مشیرخزانہ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے قومی اور دوسری صوبائی حکومتوں کو قرض اتارنے میں پیچھے چھوڑ دیا ہے ، جب وفاق میں ہماری حکومت آئے گی تو ملکی قرض بھی کم اور ختم کریں گے ۔مشیر خزانہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے پچھلے چھ مہینے میں 20 ارب پنشن اور 20 ارب روپے گریجوایٹی فنڈ میں منتقل کیے ، منتقل کیے گئے فنڈز پر تین سے چار ارب روپے منافع بھی کما کر محفوظ بنایا ہے ۔ مزمل اسلم نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صرف ماہ نومبر میں 12248 ارب روپے کا قرض لیا ، جبکہ خیبر پختونخواہ کا 77 سال کا مجموعی قرض 725 ارب روپے ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں