حکومت بجلی 10روپے فی یونٹ سستی کرنے کی خواہشمند ونٹر پیکیج میں توسیع بھی زیر غور
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت بجلی کے نرخوں میں کمی کیلئے مختلف آپشنز پر کام کررہی ہے جس کے تحت حکومت 10 روپے فی یونٹ بجلی سستی کرنے کی خواہش مند ہے ۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کا پہلا آپشن آئی پی پیز سے بات چیت کا فائدہ عوام کو منتقل کرنا ہے ، 5 آئی پی پیز سے معاہدے ختم کر نے سے حکومت کو مجموعی طورپر 411 ارب روپے کی بچت ہوگی اور یہ بچت سالانہ 70 ارب روپے بنے گی۔ذرائع وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ بگاس کے 8 پاورپلانٹس کا ٹیرف تبدیل ہونے سے 238 ارب روپے کی بچت ہوگی، یہ بچت سالانہ 8 ارب 83 کروڑ روپے بنتی ہے ، مزید 16 آئی پی پیز سے معاہدوں کے نتیجے میں 481 ارب روپے کا فائدہ ہوگا، آئی پی پیز معاہدوں کے خاتمے یا ان میں تبدیلی کا فائدہ صارفین کو دیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت سستی بجلی کے لیے ونٹربجلی سہولت پیکیج میں توسیع کا جائزہ بھی لے رہی ہے جب کہ بجلی بلوں پر ٹیکسز کا بوجھ کم کرنے کی بھی تجویز زیر غور ہے ، وفاقی حکومت سالانہ 800 ارب روپے سے زائد بجلی بلوں پر ٹیکسوں سے حاصل کرتی ہے ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ ان تمام اقدامات سے حکومت 10 روپے فی یونٹ تک بجلی سستی کرنا چاہتی ہے ۔