عمران ڈیل کرکے باہر آئے تو خطرنا ک نہیں ہوگا:محمد زبیر

عمران ڈیل کرکے باہر آئے تو خطرنا ک نہیں ہوگا:محمد زبیر

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر سیاستدان محمد زبیر نے کہا ہے کہ جب میں مریم نوازاور نواز شریف کیلئے ڈیل کروارہا تھا اس وقت اتنی تلخیاں نہیں تھیں جو اس وقت ہیں،تلخیوں کا لیول شدید ہے ، اس کی شدت میں اضافہ ہوسکتاہے یہ کم نہیں ہوسکتیں۔

دنیا نیوزکے پروگرام دنیا مہربخاری کے ساتھ میں گفتگوکرتے ہوئے ان کاکہناتھاکہ اگر کوئی یہ سمجھ رہا ہے کہ اب کوئی ڈیل ہوجائے گی توایسا کچھ نہیں ہونے والا، عمران خان ڈیل کرکے باہر آتے ہیں تو خطرناک نہیں ہوگا بلکہ یہ پاکستان کیلئے اچھا ہو گا تاہم اگر ڈیل نہ ہوئی تو حالات خراب ہو سکتے ہیں، عوام کو رائے استعمال کرنے کاحق نہیں دینگے تو پھر دوسرے طریقے سے حالات بدل جائیں گے ۔محمد زبیر نے کہاکہ پی ٹی آئی نے یہ تاثرختم کردیاکہ وہ بات نہیں کرناچاہتے لیکن مذاکرات سے نتائج نکلنے کی کوئی امیدنہیں۔سینئر صحافی منیب فاروق نے کہا ہے کہ ڈیل کیلئے ابھی محنت ہورہی ہے ، عمران خان کی اہلیہ بشری ٰ بی بی ڈیل کیلئے زیادہ محنت کررہی ہیں، بشری ٰبی بی کا کوئی اور مطالبہ نہیں ان کی کوشش ہے جلد از جلد عمران خان کی رہائی ہوجائے ،ان کا کچھ طاقتور حلقوں سے رابطہ ہے ۔سینئر سیاستدان مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ماضی میں جو ڈیل ہوتی رہیں، ان میں غیر ملکی عنصر شامل رہا ، دوست ممالک اس میں اپنا حصہ ڈالتے رہے ،اب مسئلہ یہ ہے کہ کوئی بھی عمران خان پر اعتماد نہیں کرتا اورذمہ داری نہیں اٹھا رہا۔ان کاکہناتھاکہ کہ اگر ڈیل صرف اقتدار میں لے کر آئے تو اس سے ملک کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں