رائیونڈ:پولیس مقابلہ ، ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
لاہور،کاہنہ(کرائم رپورٹر،سپیشل کرائم رپورٹر، نمائندہ دنیا)اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف صدر کی ٹیم اور ڈاکوؤں میں مقابلہ ،فائرنگ کے تبادلہ میں قتل، اقدام قتل، ڈکیتی ،گاڑیاں چھیننے کے سنگین جرائم میں ملوث خطرناک ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔
پولیس ملزم اعظم کو جسمانی ریمانڈ پربرآمدگی کیلئے رائیونڈ لے جا رہی تھی کہ ملزموں نے ساتھی کو چھڑوانے کیلئے پولیس پر فائرنگ کر دی،اعظم شدید زخمی ہوگیا جسے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھامگر وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ڈی ایس پی صدر مہدی کاظمی کے مطابق ملزم 207 سے زائد سنگین جرائم کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا وہ دیگر اضلاع میں بھی 50 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا۔ فائرنگ سے معجزانہ طور پر کوئی اہلکار زخمی نہیں ہوا ، گاڑی کو شدید نقصان پہنچا،ملزم فرار ہوگئے جنکی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے ۔ لاہورشہر میں چوری و ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں شہریوں سے لاکھوں روپے ، موبائل فونز ودیگر سامان لوٹ لیا گیا۔ ہربنس پورہ میں ڈاکو آصف کی کار سوار فیملی سے 15 لاکھ وزیورات ،جوہرٹائون میں شاہ زین سے 1لاکھ 80ہزار ،لاری اڈا میں مقصود سے 1 لاکھ 55 ہزار و موبائل ،گارڈن ٹائون میں افضل سے 1 لاکھ 45ہزارو موبائل ،وحدت کالونی میں عبید سے 1 لاکھ35 ہزارو موبائل،لوئرمال میں کمال سے 1لاکھ 30ہزار وموبائل، جنوبی چھائونی میں عدنان سے 1 لاکھ 20 ہزارو موبائل و دیگر سامان لوٹ کرفرار ہوگئے ۔ غالب مارکیٹ ،مناواں سے گاڑیاں ، سول لائنز ،مسلم ٹائون ،ساندہ سے موٹرسائیکلیں چوری ہو گئیں۔