ملاقات کا دن،پہلی بار عمران خان سے کوئی ملنے نہ آیا

ملاقات کا دن،پہلی بار عمران خان سے کوئی ملنے نہ آیا

راولپنڈی ( خبر نگار، مانیٹرنگ ڈیسک ) اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دن پہلی مرتبہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے کوئی ملنے نہ آیا ، سابق وزیر اعظم نے پورا دن تنہائی میں گزارا۔پارٹی رہنما، فیملی ممبر نہ کوئی وکیل ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل آیا ۔

جمعرات کو مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات کا بھی امکان تھا ۔اس حوالے سے بانی کے وکیل اور جیل حکام سے رابطہ کار فیصل چودھری نے کہا کہ منگل کو علیمہ خان، عظمیٰ خان اور قاسم خان نیازی کی ملاقات ہوئی۔ جبکہ وکلا کے ساتھ شیڈول کے مطابق منگل کے روز ہونے والی ملاقات بانی کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات کرانے کی درخواست دیئے جانے کے باعث ملتوی کر دی گئی تھی۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ اگر حکومت واقعی اختیار رکھتی ہے تو بانی سے ملاقات کرائے ۔جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذاکرات سے متعلق 3 مطالبات ہیں۔عمر ایوب نے کہا کہ 9 مئی، 26 نومبر کا جوڈیشل کمیشن اور کارکنوں کی رہائی مطالبات میں شامل ہیں۔پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ بانی سے ملاقات چاہتے ہیں لیکن ملاقات نہیں کرائی گئی۔انہوں نے کہاکہ ہمیں بتایا گیا کہ ملاقات کرانا جیل مینوئل میں شامل نہیں، حکومت اپنی بات سے مکر رہی ہے ۔تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا حکومت کی وجہ سے مذاکرات تعطل کا شکار ہوئے کیونکہ وہ بار بار کہہ رہی ہے کہ مطالبات لکھ کر دیں، مطالبات لکھ کر دینے میں ہمیں کوئی اعتراض نہیں لیکن ہمارا مطالبہ تھا کہ بانی سے ملاقات کروائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ حکومتی کمیٹی کی اپنی قائدین تک پہنچ ہے ہماری نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جب سنگجانی کا جلسہ موخر کروانے کے لئے صبح جیل کھلوا دی گئی تھی تو اب کیوں نہیں کھل سکتی؟ حکومت ایک ملاقات نہیں کروا سکتی تو مطالبات کیسے مانے گی؟۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ جیل حکام بلائیں گے تو ہم آئیں گے ۔دوسری جانب اڈیالہ جیل حکام کا کہنا تھا کہ جب تک کوئی ملاقات کے لیے نہیں آتا، اجازت کس کو دیں؟

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں