اسرائیل نہتے فلسطینیوں پربمباری کررہا ،کوئی لگام دینے والا نہیں ،شاداب نقشبندی
کراچی (این این آئی)سربراہ پاکستان سنی تحریک شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ فلسطین اور کشمیر کے حالات انتہائی گھمبیر اور کشیدہ ہیں۔
اسرائیل کھلے عام نہتے فلسطینی شہریوں اور بچوں پر بمباری کررہا ہے کوئی اسرائیل کو لگام دینے والا نہیں ہے ،کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کرتے رہینگے ،مسلم حکمران غیرت ایمانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطین اور کشمیری مظلوموں کو انصاف دلانے کیلئے کلمہ حق بلند کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلسطین وکشمیر میں مسلم نسل کشی کی مذمت سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرانے پر زور دیتے ہوئے کیا ۔شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ مظلوموں کیلئے آواز بلند کرنا اور ان کے زخموں پر مرہم رکھنا بھی جہاد ہے ،فلسطین وکشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت ہر سطح اور ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ فلسطین میں نسل کشی کرنے والے نیتن یاہو کو پوری دنیا میں ذلالت کا سامناکرنا ہوگا ،فلسطین پرہونیوالے مظالم کے خلاف پوری دنیا میں فلسطینی عوام سے یکجہتی اور اسرائیل سے نفرت کررہے ہیں۔