18ماہ سے قید سینیٹر اعجاز چودھری کے پروڈکشن آرڈرجاری
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے )چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کوٹ لکھپت جیل میں 18 ماہ سے قید پی ٹی آئی کے سینیٹر اعجاز احمد چودھری کے پروڈکشن آرڈر جاری کردئیے۔
چیئرمین سینیٹ نے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز کی درخواست پر رولز کے مطابق آرڈر جاری کئے ۔ اعجاز چودھری کے پروڈکشن آرڈر کی کاپیاں سیکرٹری داخلہ ، چیف سیکرٹری پنجاب اور متعلقہ حکام کو جاری کر دی گئیں ۔ چیئرمین سینیٹ نے سینیٹ کے قواعد و ضوابط 2012 کے رول 84 کے تحت ، اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے یہ احکامات جاری کئے ۔پروڈکشن آرڈرز میں چیئرمین سینیٹ نے احکامات دئیے ہیں کہ سینیٹ کے 345ویں اجلاس میں اعجاز چودھری کی شرکت کو یقینی بنایا جائے ۔ اجلاس میں ان کی شرکت ازحد ضروری ہے ۔ سینیٹ کا اجلاس آج شام 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا ۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سینیٹر اعجاز احمد آج سینیٹ کے اجلاس میں شرکت کریں گے ۔