گوادر ائیرپورٹ فعال، پہلی پرواز لینڈ: چین کا شکریہ، ترقی کا خواب پورا ہوگا: شہباز شریف

گوادر ائیرپورٹ فعال، پہلی پرواز لینڈ: چین کا شکریہ، ترقی کا خواب پورا ہوگا: شہباز شریف

گوادر،اسلام آباد(اے پی پی،نامہ نگار)گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ، پیر کو پی آئی اے کی پہلی پرواز کی لینڈنگ کے ساتھ ہی مکمل طور پر فعال ہوگیا، یہ پہلی کمرشل پرواز تھی جو نئے گوادر ایئر پورٹ پر اتری۔کراچی سے پی کے -503 نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی تو اسے واٹر باؤزر سے سلامی دی گئی۔

وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ محمد آصف، گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل اور وزیر اعلیٰ سرفراز احمد بگٹی نے اس تاریخی پرواز اور اس کے مسافروں کا استقبال کیا۔ تفصیل کے مطابق پاکستان نے اپنی ہوا بازی کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل عبور کیا جب پہلی کمرشل پرواز نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کامیابی سے لینڈ کر گئی۔ پی آئی اے کی پرواز PK-503 کراچی سے 46 مسافروں کو لے کر صبح 9:50 بجے روانہ ہوئی اور 11:15 بجے گوادر کی جدید سہولیات سے آراستہ ہوائی اڈے پر اتری۔قبل ازیں گوادر نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آپریشنل سرگرمیوں کا افتتاح پروقار اور یادگار تقریب کے ساتھ کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر دفاع خواجہ آصف تھے جبکہ وزیراعلیٰ ، گورنر اور دیگر اعلیٰ سول و فوجی حکام نے بھی شرکت کی۔ خواجہ آصف نے اپنے خطاب میں ایئرپورٹ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا یہ منصوبہ پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت ہے ۔ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کے لیے اقتصادی ترقی، روزگار کے مواقع اور مقامی تجارت کو فروغ دینے کا ذریعہ بنے گا، یہ ایئرپورٹ سیاحت کے فروغ کا مرکز ہوگا اور ملکی ترقی کے نئے دور کا آغاز کرے گا۔ اپنی تقریر کے اختتام پر انہوں نے پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کو سراہتے ہوئے پاک چین دوستی زندہ باد کا نعرہ لگایا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے گوادر ایئرپورٹ سے پروازیں شروع ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے گوادر کو وسطی و مشرقی ایشیا اور مشرق وسطی ٰ و خلیجی ممالک کے درمیان ایک اہم رابطہ بنانے کیلئے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا گیا،گوادر ایئرپورٹ کا فعال ہونا نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں مواصلاتی روابط کے فروغ کی طرف ایک اہم قدم ہے اس سے پاکستان اور خطے کی ترقی کا خواب پورا ہو گا۔گزشتہ روز وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہم چینی صدر شی جن پنگ اور نواز شریف کے سی پیک کے ذریعے پاکستان و خطے کی ترقی کے مشترکہ عزم کی تکمیل کے مزید قریب پہنچ گئے ،اللہ کے فضل و کرم سے سی پیک کی شروعات نواز شریف کے دور سے ہوئی اور اس کے اہم سنگ میل بھی ان کی قیادت میں عبور ہو رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا مجھ سمیت پوری قوم چینی قیادت اور چینی حکومت کی مشکور ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے حجاج کرام کو ہرقسم کی معاونت اور سہولت کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے حج کی تیاری میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی، حجاج کرام کے لئے معاونین کے انتخاب کے طریقہ کار میں شفافیت اور میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھا جائے ۔ ا ن خیالات کا اظہار وزیراعظم نے حج کی تیاریوں کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہا حج کی تیاریوں کے حوالے سے جامع بریفنگ تیار کرکے آئندہ چند روز میں پیش کی جائے۔

وزیر اعظم نے حج ڈیوٹی پر اچھی شہرت کے قابل افسر تعینات کرنے کی ہدایت کی۔شہباز شریف نے سی ڈی اے کو جوائنٹ وینچر اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے جدید سہولیات سے آراستہ نئے ہوٹلوں کی تعمیر کے لئے جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان میں بین الاقوامی کانفرنسوں اور دیگر سرگرمیوں کے انعقاد کیلئے ہوٹلوں، ہسپتالوں اور دیگر سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔جائزہ اجلاس میں وزیراعظم نے کہا بین الاقوامی کانفرنسوں کا آغاز سفارتی محاذ پر ہماری کامیابی کی سند ہے ، مسلسل محنت سے دوست ممالک کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوا۔وزیراعظم نے سکھر،حیدرآباد موٹروے کی تعمیر، رتو ڈیرو،گوادر موٹر وے کے بقیہ حصوں کی تعمیر اور حیدرآباد، کراچی موٹر وے کراچی،کوئٹہ،چمن قومی شاہراہ اور قراقرم ہائی وے کے کچھ حصوں کی تعمیر نو کے حوالے سے کام کا جائزہ لینے کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے ، ایک ماہ کے اندر موٹر ویز کے تمام حفاظتی جنگلوں کی مرمت کا کام مکمل کرنے کی ہدایات کی ہیں۔شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے امور اور قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر حفاظتی اقدامات کے حوالے سے الگ الگ جائزہ اجلاس ہوئے ۔ وزیراعظم نے کہا قومی شاہراہیں اور موٹر ویز قومی ترقی اور ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں