شیر افضل مروت کوپی ٹی آئی سے نکال دیا گیا ، عمران نے علی امین جنید اکبر کو جیل بلالیا ،کراچی میں عالمگیر خان کو پارٹی ذمہ داری ملنے کا امکان
اسلام آباد ،پشاور(خصوصی نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکال دیا گیا۔
ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی فردوس شمیم نقوی کے دستخط سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی ہدایات پر شیر افضل کو پارٹی سے نکالا گیا،شیر افضل کے شوکاز نوٹس کے جواب اور اقدامات کے جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا،ذرائع کے مطابق مروت کے صوابی جلسہ میں کردار پر رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی سے شکایت کی تھی۔قبل ازیں شیر افضل نے پارٹی سے نکالے جانے سے متعلق اپنے خدشے کا اظہار ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے کیاتھا اور کہا ‘میں نے خان صاحب کو نہیں چھوڑا لیکن اگر وہ مجھے چھوڑ گئے تو میں پھر کبھی ان کے پاس نہیں جاؤں گا۔میں روزمرہ کی ٹرولنگ سے بیمار ہو گیا ہوں،مجھے ان سازشیوں کا کھل کر مقابلہ کرنا ہے جس میں ایک خاتون سازشی بھی شامل ہیں اور یقین رکھیں میں دکھاؤں گا کہ آپ نے خان صاحب اور پارٹی کے ساتھ کیا کیا ہے ۔دریں اثنا بیرسٹرسیف کو پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات کے عہدہ سے ہٹا دیا گیا۔ نئے صوبائی صدر جنید اکبر نے پارٹی سطح پر آپریشن شروع کر دیا اور ملک عدیل کو سیکرٹری اطلاعات مقرر کیا، ذیشان ایڈووکیٹ ڈپٹی سیکرٹری ہوں گے ، اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ ادھربانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور اور جنید اکبر کو ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل بلالیا ہے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی کے سیکرٹریٹ حکام نے بانی کی جانب سے علی امین اور صوبائی قیادت کو بلائے جانے کی تصدیق کی ہے ۔ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) وفد ماضی میں زمان پارک آیا تھا، پارٹی قیادت یاد دہانی کے لیے پریس کانفرنس کرے گی۔ذرائع کے مطابق دوسری جانب بانی پی ٹی آئی نے سندھ کی پارٹی قیادت کو تبدیلی کی ہدایات کی۔ بانی کی جانب سے کراچی میں عالمگیر خان کو پارٹی ذمہ داری سونپے جانے کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق بانی نے کنول شوذب اور عالیہ حمزہ کو سیاسی کمیٹی میں شامل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔