جناح ہاؤس حملہ کیس:20ماہ بعد علیمہ اور عظمیٰ خان بے قصور قرار

جناح ہاؤس حملہ کیس:20ماہ بعد  علیمہ اور عظمیٰ خان بے قصور قرار

لاہور ،فیصل آباد،اسلام آباد (کورٹ رپورٹر، اپنے نامہ نگارسے ،نیوز ایجنسیاں) لاہور ہائیکورٹ اورانسداد دہشتگردی عدالتوں میں پی ٹی آئی رہنمائوں کیخلاف مختلف مقدمات کی سماعت ہوئی ۔

انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کیخلاف 9مئی کیسز میں عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت ہوئی، علیمہ خان عدالت پہنچیں۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا علیمہ خان اور عظمیٰ خان کیخلاف تفتیش مکمل ہے ،دونوں جناح ہاؤس کیس میں بے قصور ہیں، انکی گرفتاری درکار نہیں جس پردونوں نے درخواست واپس لے لی، عدالت نے کیس خارج کر دیا۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے کہا 20 ماہ بعد اللہ نے سرخرو کیا۔ اس نظام سے بہت کچھ سیکھا ۔ اللہ کسی دشمن کو بھی اس اذیت سے نہ گزارے ۔ تفتیشی افسر پہلے دن ہی پیش ہوجاتا تو شاید نوبت یہاں تک نہ پہنچتی۔ ریکارڈ کی عدم دستیابی پر 20ماہ عدالتوں کے چکر لگانا پڑے ۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے 24 نومبر کو گھیرا ئو، جلا ئو مقدمات میں صاحبزادہ حامد رضا سمیت 20 ملزموں کی تھانہ نشاط آباد میں درج دو مقدمات میں ضمانت میں توسیع کردی ۔حسن ذکا نیازی،ندیم ڈوگر،بشارت ڈوگر ودیگرملزموں پر پولیس ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنانے ، پتھرا ئو اور آگ لگانے کے الزامات ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے صنم جاوید کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کی، عدالت نے صنم جاوید کے وکیل سے متعلقہ دستاویزات طلب کرکے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی ۔ لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس چودھری اقبال کے روبروشیخ امتیاز محمود کیخلاف مقدمات اور انکوائریوں کی تفصیلات فراہم کرنے کیلئے درخواست پر سماعت،عدالت نے فائل چیف جسٹس کو بھجواتے ہوئے متعلقہ بینچ کے روبرو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی سفارش کردی ۔ سول جج مبشرحسن چشتی نے زرتاج گل کے عدالت پیش ہونے پر تھانہ بہارہ کہو کے مقدمہ میں طلبی کے باوجود مسلسل عدم پیشی پرجاری وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیئے ۔بعد ازاں زرتاج گل نے وکلا کے ہمراہ پیش ہوکر وارنٹ منسوخ کرنے کی درخواست دی جس پر عدالت نے وارنٹ منسوخ کر کے سماعت12 مارچ تک ملتوی کردی۔جی ایچ کیو حملہ کیس میں پراسیکیوشن کی درخواست پر عدالت نے مزید 8گواہوں اے ایس آئی عقیل ، عدنان احسن ، شمریز محبوب،سب انسپکٹر بابر سجاد ،رجب ،احمد نواز ، کانسٹیبل طالب ،لیڈی کانسٹیبل ثمرہ اشفاق کو سمن جاری کر کے 15 فروری تک جواب طلب کر لیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں