رمضان کے بعد مہنگی بجلی کیخلاف بڑی تحریک کا آغاز :حافظ نعیم
پشاور (آن لائن)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت کو بہت وقت دے دیا، رمضان کے بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی اور آئی پی پیز کیخلاف بڑی تحریک کا آغاز کریں گے ۔
حکمران اتنے گرچکے ، آئی ایم ایف کو اعلیٰ عدالت تک بھی پہنچ فراہم کردی، قوم کی خودمختاری اور آزادی کا اس سے بڑھ کر کیا سودا ہوگا؟ ملک کا المیہ ہے کہ یہاں سیاست، عدالت اور صحافت پر مکمل کنٹرول قائم ہوچکا ہے ، مرضی کے نتائج کیلئے طاقت کا استعمال ہوتا ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا پیکا قانون آزادی اظہار رائے پر حملہ، اسے ختم کیا جائے ، صحافیوں کی جدوجہد کے ساتھ ہیں۔کرم میں سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس ہے ،فغان سرزمین کسی صورت پاکستان میں دہشتگردی کیلئے استعمال نہیں ہونی چاہیے ۔ ٹرمپ رئیل سٹیٹ ایجنٹس کی طرح بیانات داغ رہے ہیں، آئندہ دنوں میں اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق پاکستان پر دباؤ بڑھے گا، حکمران ایسا کرنے کی جرات نہ کریں۔ حکمران مہنگائی میں کمی سے متعلق مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں، پاک افغان مذاکرات اور امن کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔