کچے میں آپریشن : 12 اہلکاروں کی شہادت میں ملوث 2ڈاکو ہلاک، کمین گائیں نذر آتش

رحیم یارخان(ڈسٹرکٹ رپورٹر ) کچہ میں پولیس آپریشن کے دوران 12پولیس اہلکاروں کی شہادت ، دو خطرناک ڈاکو ہلاک ہو گئے ،پولیس نے کمین گاہیں مسمار کردیں۔
تفصیل کے مطابق پولیس نے سندھ سے ملحقہ کچہ ماچھکہ کے علاقہ میں خفیہ اطلاعات پرپولیس کی بھاری نفری’ بکتر بند گاڑیوں، دور مار ہتھیاروں و دیگر آلات میدان کاری کے ساتھ آپریشن کا آغاز کیا تو کچہ کے ڈاکوؤں کیساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں خطرناک ڈاکو شاہ میر عرف میرا کوش مارا گیا، پولیس علاقہ میں ڈاکوؤں کی پناہ گاہوں’ کمین گاہوں کو مسمار اور نذر آتش کر رہی تھی کہ ایک مرتبہ پھر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی ۔ جوابی کارروائی میں ایک اور خطرناک ڈاکو حکیم کوش بھی مارا گیا، پولیس کے مطابق دونوں ڈاکو کچہ ماچھکہ میں 12 پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے میں ملوث تھے ،ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پولیس بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ ڈاکوئو ں کا تعاقب جاری رکھے ہوئے ہے ،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی پی او رضوان عمر گوندل اور ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے پولیس آپریشن کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔