گندم کی کٹائی شروع ،حکومت اوپن ریٹ پر خریداری کریگی
لاہور ((عمران اکبر )سندھ اور پنجاب میں گندم کی کٹائی کا عمل شروع ہوگیا ،حکومت پنجاب نے آئندہ مالی سال 2025-26کیلئے خریداری ہدف 33لاکھ 583میٹرک ٹن مقررکیاہے ،کسانوں سے گندم مارکیٹ میں اوپن ریٹ پرخریدی جائے گی۔
بتایاگیاہے کہ پنجاب میں بہاولپور ڈویژن کے علاقے احمد پور شرقیہ،یزمان ،مروٹ ،چولستان اور روہی کے علاقوں میں گندم کی کٹائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ، پنجاب بھر میں گندم کی کٹائی کا عمل دو ماہ تک جاری رہے گا،گزشتہ سال ایک لاکھ 73ہزار ملین ایکڑ پر گندم کاشت ہوئی جبکہ رواں سال میں ایک لاکھ 62ہزار ملین ایکڑ پرگندم کاشت کی جاسکی ۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے آٹے کی قیمتوں میں واضح کمی رکھنے کے لئے دوسری اجناس کی طرح گندم کی خریداری کو آزادانہ تجارت پر فروغ دینے کا حکم دیا ہے ،اس اقدام سے آٹے کی قیمت میں 100روپے کمی آئی اور20کلو آٹے کا تھیلا 15سے 16سو روپے میں فروخت ہوا۔80کلو میدہ فی بوری میں دو سو روپے کی کمی ہوئی اور بوری 7ہزار سے 7200روپے تک بکی ۔