لاہور سمیت پنجاب ،پختونخوا میں 5.5شدت کا زلزلہ
لاہور،اسلام آباد (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.5 تھی، زلزلے کا مرکز راولپنڈی سے 60 کلومیٹر دور شمال مغرب میں تھا، زلزلے کی گہرائی 12 کلومیٹر تھی۔زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد ، پنجاب میں لاہور،راولپنڈی، گجرات فیصل آباد ،چکوال، چنیوٹ، حسن ابدال، اٹک، میانوالی جبکہ خیبر پختونخوا میں سوات، بونیر، لوئر دیر، لکی مروت، مالاکنڈ، مہمند اور گرد و نواح میں محسوس کئے گئے ، اسی طرح نتھیاگلی، گلیات سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں راولاکوٹ، ڈڈیال وگردونواح میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ زلزلے کے جھٹکے 12 بج کر 31 منٹ پر محسوس کیے گئے جنہیں چند سیکنڈ تک محسوس کیا جاتا رہا۔اس دوران لوگ خوف وہراس کے باعث کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے ۔ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق پنجاب بھر کی انتظامیہ عمارتوں کی چیکنگ میں مصروف ہے ، پنجاب کے کسی بھی علاقے سے جانی و مالی نقصان کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی، زلزلہ کے آفٹر شاکس سے نمٹنے کے لیے مشینری اور عملے کو الرٹ رکھا گیا ہے ۔پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم سمیت پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز 24 گھنٹے الرٹ ہیں، زلزلہ سے نقصانات کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر دی جا سکتی ہے ۔ادھر ترجمان ریسکیو پنجاب فاروق احمد نے کہا کہ پنجاب بھر میں کسی بھی ضلع میں زلزلہ کے حوالے سے کوئی ایمرجنسی کال موصول نہیں ہوئی، پراونشل مانیٹرنگ سیل پنجاب بھر کے ایمرجنسی کنٹرول روم سے رابطے میں ہے ۔