پی این ایس یمامہ پاکستان کے بحری بیڑے میں شامل

اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) پاک بحریہ کے چوتھے آف شور پیٹرول ویسل، پی این ایس یمامہ، کو بحری بیڑے میں شامل کر لیا گیا۔
پی این ایس یمامہ رومانیہ کے دامن شپ یارڈ میں تیار کیا گیا کثیرالمقاصد جنگی جہاز جدید ترین کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور انتہائی موثر ہتھیاروں و سینسرز سے لیس ہے ۔ یہ جہاز اس سیریز کا چوتھا یونٹ ہے جس کی شمولیت سے پاکستان بحریہ کی سمندری دفاعی صلاحیت، بحری تجارتی راستوں کے تحفظ اور سمندر میں نظم و ضبط قائم رکھنے کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ جناح نیول بیس، اورماڑہ میں منعقدہ تقریب سے مہمان خصوصی نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے خطاب میں بحرِ ہند کی نازک جیو سٹرٹیجک صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے روایتی و غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کیلئے مضبوط اور جدید بحری قوت کی اہمیت پر زور دیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پی این ایس یمامہ کی شمولیت پاکستان نیوی کے سمندری سرحدوں کے تحفظ اور بین الاقوامی سمندری حدود میں امن و سلامتی کے قیام کے عزم کو مزید تقویت دے گی۔