پہلی بار1ارب ڈالر کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس مستحکم معیشت کا ثبوت:بلوچستان میں سڑکوں کے منصوبے کی مخالفت کرنیوالے تنگ نظر ہیں:شہباز شریف

پہلی بار1ارب ڈالر کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس مستحکم معیشت کا ثبوت:بلوچستان میں سڑکوں کے منصوبے کی مخالفت کرنیوالے تنگ نظر ہیں:شہباز شریف

اسلام آباد (نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک ،اے پی پی)ملکی تاریخ میں پہلی بار کرنٹ اکاؤنٹ کے سر پلس میں ایک ارب ڈالر سے زائدکا اضافہ ہوگیا،ترسیلات زر میں اضافے سے مارچ کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ایک ارب 19 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیاجبکہ وزیراعظم شہبازشریف کا کہناہے کہ کرنٹ اکاؤنٹ کا سرپلس ہونا مستحکم ہوتی معیشت کا عکاس ہے۔

اجتماعی کاوش سے ملک ترقی کے سفر پر چل پڑا ،صوبوں کو ساتھ لیکر چلنا حکومت اور مسلح افواج کا وژن ہے ،بلوچستان میں سٹرکوں کے منصوبے کی مخالفت کرنا تنگ نظری ہے ،یہ منصوبہ بلوچستان کے عوام کے دل کی آواز ہے ،اسے 2سال تک پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے ۔تفصیلات کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ریکارڈ ترسیلات زر سے مارچ میں پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ایک ارب 19 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ،سٹیٹ بینک کے اعلامیہ میں کہاگیاہے کہ کرنٹ اکاؤنٹ کھاتہ مالی سال کے 9 ماہ میں 1ارب 85 کروڑ ڈالر سرپلس رہا، دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر کا حجم پہلی بار 4 ارب ڈالر کی حد عبور کرگیا۔مارچ 2024 میں کرنٹ اکاؤنٹ 36کروڑ 30 لاکھ ڈالر سے سرپلس تھا۔ مارچ 2025میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس رہنے کی وجہ یہ بھی ہے کہ پاکستان نے مارچ میں دنیا سے 2 فیصد کم 4 ارب 94 کروڑ ڈالر کا سامان خریدا اور دنیا کو 6 فیصد زائد 2 ارب 76 کروڑ ڈالر کا سامان بیچ کر ماہانہ بنیاد پر تجارتی خسارہ 11 فیصد کم کیا ۔

بیرونی ادائیگیوں کے مسئلے کے حل کیلئے ملکی درآمدات کو قابو میں رکھا گیا تھا لیکن اس سال درآمدات 11 فیصد بڑھنے کے باوجود کرنٹ اکاؤنٹ کھاتہ سرپلس ہے ، جسکی ایک وجہ برآمدات کا 8 فیصد بڑھنا بھی ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف اپنے بیان کہناہے کہ حالیہ مثبت معاشی اشارئیے حکومتی پالیسیوں کی سمت درست ہونے کا مظہر ہیں، ریکارڈ ترسیلات زر، بڑھتی ہوئی برآمدات اور حکومتی معاشی ٹیم کی انتھک کوششوں کی بدولت کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ممکن ہوا۔ ہم ملکی معیشت کی پائیدار ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ بعدازاں اسلام آبا دمیں جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے شہبازشریف نے کہا ملکی معیشت مستحکم ہو گئی ہے ، قوم ترقی کے سفر پر گامزن ہو چکی ہے ، بھرپور قوت اور اعتماد سے ٹیم پاکستان ملک کو ترقی سے ہمکنار کرے گی، یہ شہباز سپیڈ ہے نہ ہی محسن سپیڈ یہ پاکستان سپیڈ ہے ۔

بلوچستان کے عوام کیلئے کراچی ، قلات ، خضدار ، کوئٹہ ، چمن شاہراہ این 25وفاق کی طرف سے تحفہ ہے ، یہ خونیں شاہراہ 2ہزار جانیں نگل چکی ہے ، اب یہ موٹروے بنے گی اور خود اسکی نگرانی کروں گا۔ بلوچستان میں فاصلے سینکڑوں نہیں ہزاروں میل کے ہیں، وہاں سرمایہ کاری اسی حساب سے ہونی چاہئے ۔ پنجاب ، سندھ اور خیبر پختونخوا میں موٹر ویز ہیں، بلوچستا ن کیلئے بھی ایسا بڑا منصوبہ وقت کی ضرورت اور این 25بلوچستان میں بسنے والے ہمارے بھائیوں اور بہنوں کے دل کی آواز ہے ، اس منصوبے کی مخالفت کوتاہ اندیشی اور تنگ نظری ہوگی۔وزیراعظم کا کہناتھاکہ پاکستان گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاوہ 4 وفاقی اکائیوں سے بنتا ہے ، انکی ترقی پاکستان کی ترقی ہے ، کسی بھی ایک وفاقی اکائی کے پیچھے رہ جانے سے ملکی ترقی متاثر ہوتی ہے ۔ ملکی معیشت کی ڈیجیٹائزیشن پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے وزیراعظم نے ملکی معیشت کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے کے لئے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ٹاسک سونپتے ہوئے کہاملکی معیشت کی بہتری اور غیر رسمی مساوی معیشت کا خاتمہ حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈے کا کلیدی جزو ہے ،ملکی معیشت کی ڈیجیٹائزیشن کیلئے فی الفور متحرک ورکنگ گروپ قائم کیاجائے ۔

ملکی ترقی کیلئے نظام کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں۔ انسداد پولیو بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے شہباز شریف کا کہناتھاکہ پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کیلئے متعلقہ حکومتی اداروں، بین الاقوامی اداروں اور شراکت داروں کی کوششیں قابل ستائش ہیں، انسداد پولیو مہم میں شریک ورکرز مشکل حالات کے باوجود اس موذی مرض کیخلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں،مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے محنتی پولیو ورکرز پر فخر ہے ۔ یقینی بنایا جائے کہ 21 اپریل سے مہم میں پانچ برس سے کم عمر ہر بچے کو پولیو کی ویکسین پلائی جائے ۔ قبل ازیں شہباز شریف سے برطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکرٹری برائے مذاہب ، کمیونٹیز اور آبادکاری لارڈ واجد خان نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی ، وزیراعظم نے پاکستان برطانیہ میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور عوامی تبادلوں اور دیگر شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم سے ہنگری کے وزیر خارجہ پیٹر سیجارتو نے ملاقات کی ۔ شہباز شریف نے ہنگری کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں