ہائیکورٹ:پاکستانی خاتون کے افغان شوہر کو شہریت دینے کی درخواست پر لارجر بینچ بنانے کی سفارش
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے پاکستانی خاتون کے افغان شوہر کو شہریت دینے کی درخواست پر لارجر بینچ بنانے کی سفارش کر دی۔
جسٹس فاروق حیدر نے مسرت جبین کی توصیف احمد باجوہ ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر درخواست پرسماعت کی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار نے 2012 میں افغان لڑکے نسیم کے ساتھ شادی کی،حکومت کی جانب سے افغان شہریوں کو واپس بھیجا جا رہا ہے ،درخواست گزار کے شوہر کو پاکستانی شہریت دی جائے ، پاکستان کے شہریت ایکٹ کے تحت پاکستانی لڑکا بیرون ملک کی لڑکی سے شادی کرے تو اس کو پاکستانی شہریت دی جاتی ہے ،پاکستانی لڑکی بیرون ملک کے لڑکے سے پاکستان میں شادی کرے تو شہریت نہیں دی جاتی،شہریت ایکٹ 1651 آئین اور قانون کے منافی ہے ،شہریت ایکٹ آئین کے آرٹیکل 25 کے بھی خلاف ہے ،لاہور ہائیکورٹ شہریت ایکٹ 1951 کو کالعدم قرار دے ،عدالت نے درخواست پر لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس کو ارسال کر دی۔