کوئی بلوچستان کا جغرافیہ تبدیل نہیں کر سکتا ، انوارالحق کاکڑ
لاہور (سپیشل رپورٹر )سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کا معاملہ سیاسی ، معاشی،ترقی یا پسماندگی کا نہیں ہے بلکہ چند علیحدگی پسند نا سمجھ قوتوں کا مسئلہ ہے ، کوئی اس بھول میں نہ رہے کہ پاکستان یا بلوچستان کا جغرافیہ تبدیل کر لے گا۔
لاہور پریس کلب کے پروگرام " میٹ دی پریس"میں گفتگو کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہا نام نہاد انسانی حقوق کے علمبردار دہشت گردوں کے ہاتھوں مرنے والے پاکستانیوں کیلئے بھی دھرنے دیں، ورنہ ہم سمجھیں گے کہ یہ لوگ صرف دہشت گردوں اور علیحدگی پسندوں کے ترجمان ہیں، دہشت گردی اورعلیحدگی پسندوں کے پیچھے صرف اور صرف بھارت ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ رائمیں باقاعدہ ڈیسک ایسے امور کیلئے کام کرتے ہیں ، ہم تمام لوگوں کو پاکستان کے بیانئے کو آگے بڑھانا ہے کیونکہ دہشت گردی میں پاکستانی مرتے ہیں، ہم دانستہ یا غیر دانستہ طور پر دہشت گردوں کے غلط بیانئے کو آگے نہ بڑھائیں۔انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں سمیت ہر طبقہ کو بلوچستان کے مسئلے پر اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔جو لوگ بات چیت یا مذاکرات کیلئے تیار ہیں ان سے بالکل بات چیت اور مذاکرات ہونے چاہئیں لیکن جو طاقت یا گولی کی زبان استعمال کر رہے ہیں ان سے ہم کیا بات کریں، دہشت گردوں اور علیحدگی پسند ٹولے کے پاس کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں وہ صرف انتشار پھیلانا چاہتے ہیں جس پر ان کو جلد ہی ناکامی ہوگی۔ تقریب کے اختتام پر صدر ارشد انصاری نے معزز مہمان کو کلب کی جانب سے یادگاری شیلڈ اور پھول پیش کئے ۔