پاک فوج کیساتھ کھڑانہ ہونے والا غدار وطن : حنیف عباسی

پاک فوج کیساتھ کھڑانہ ہونے والا غدار وطن : حنیف عباسی

لاہور (کورٹ رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں اگر کوئی پاکستانی فوج کے ساتھ نہیں کھڑا ہو گا تو وہ غدار وطن ہے ، یہ وہ حالات ہیں جب ہم نے اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا ہے۔

حنیف عباسی نے روزنامہ دنیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خودمختار ملک ہے ،افواج پاکستان کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا  ہے، پاکستان بہت عرصے سے حالت جنگ میں ہے ، دہشت گردی کی جنگ میں 12 ہزار سے زیادہ شہادتیں ہوئیں ،20ہزار معذور ہوئے جبکہ 80 ہزار کے قریب پاکستانی عوام نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔انہوں نے کہاکہ پہلگام واقعہ ایک بہانہ ہے ، اصل نشانہ واٹر ٹریٹی ہے ، 1960 میں ہندوستان نے اسے اپنی کامیابی قرار دیا تھا، یہ اتنا آسان نہیں ہو گا کہ پاکستان کا پانی بند کر دیں، اگر یہ بند کرتے ہیں تو اعلان جنگ ہو گا، ہندوستان اگر جنگ شروع کرتا ہے تو مرضی پھر ہماری ہو گی کہ اس جنگ کو کہاں پر ختم کریں ،اور رہی بات مودی سرکار کی تو ہندوستانی عوام کو مودی کا احتساب کرنا چاہئے ۔حنیف عباسی نے کہاکہ میں عالم دین تو نہیں ہوں لیکن ایک پاکستانی کی حیثیت سے فتویٰ دیتاہوں کہ موجودہ حالات میں اگر کوئی پاکستانی فوج کے ساتھ نہیں کھڑا ہو گا تو وہ غدار وطن ہے ،اگر کوئی باہر سے پاکستانی فوج کے خلاف بات کرتا ہے تو اس کی تو سمجھ آتی ہے ،اگر ہمارے گھر سے کوئی افواج پاکستان کے خلاف بات کرتا ہے تو وہ غدار وطن تصور کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں