انتخابات کرائے جائیں ، سیاست کی اجازت دی جائے : اپوزیشن اتحاد
اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)اپوزیشن اتحاد تحریکِ تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے تیار کردہ 16 نکاتی قومی ایجنڈا عوام کے سامنے پیش کر دیا گیا۔۔۔
محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں تیار ہونے والے تحریکِ تحفظ آئین پاکستان کے قومی ایجنڈے میں موجودہ حکومت کے خاتمے سمیت نئے الیکشن اور آئینی ڈھانچے کی تفصیلات شامل ہیں،ایجنڈے میں اپوزیشن نے 2024ءکے انتخابات کو مکمل مسترد کرتے ہوئے آزاد الیکشن کمیشن کے تحت نئے انتخابات کا مطالبہ کیا ہے ،ایجنڈے کے مطابق افغانستان کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کیا جائے ، نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے رہنماءاور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، سردار لطیف کھوسہ، مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری،مصطفی نواز کھوکھر،عالیہ حمزہ و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی کاکہنا تھا کہ ملک میں انتخابات کے بعد لوگوں سے ان کا اصل مینڈیٹ چھین لیا گیا، پاکستان اس وقت مشکل میں ہے ، چوروں اور ڈاکوو¿ں کو سپورٹ کرنا کہاں کا انصاف ہے ؟ یہ وقت قومی اتحاد کا ہے ورنہ ملکی حالات مزید خراب ہوں گے ۔کیا پاکستان سے وفاداری کا تقاضا یہ ہے کہ اسے لوٹا جائے ؟ جو ضمیر اور ایمان بیچتا ہے وہ ملک کا وفادار نہیں ، تمام سیاسی جماعتیں مل کر قومی حکومت بنائیں اور پاکستان کو بچائیں ،یہ واحد ملک ہے جو اپنے ہی بچوں کو کرپٹ بناتا ہے پھر گرفتار اور آخر میں وزیر اعلیٰ بھی بنا دیتا ۔ تمام سیاسی قیدیوں بشمول بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے اور کیس ختم کیے جائیں۔