بھارتی جارحیت:اسحاق ڈار کی اسلام آباد میں تعینات سفیروں کو بریفنگ

بھارتی جارحیت:اسحاق ڈار کی اسلام آباد میں تعینات سفیروں کو بریفنگ

اسلام آباد(ذیشان یوسفزئی/ نامہ نگار، نیوز ایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک)پہلگام واقعہ کامعاملہ پاکستان نے سفارتی سطح پر بڑے متحرک انداز میں اٹھایا ہے ۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے 24 سے زائد وزرائے خارجہ سے رابطہ کیا۔

گزشتہ روز نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحق ڈار نے اسلام آباد میں تعینات غیر ملکی سفیروں کو بھارتی جارحیت پر بریفنگ دی اور بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان اور آزاد کشمیر میں بھارتی حملوں سے متعلق آگاہ کیا۔ اسحاق ڈار نے بھارتی حملوں کے حوالے سے سیکرٹری جنرل او آئی سی سے رابطہ کیا ، اسحاق  ڈار نے حسین ابراہیم طہٰ کو بھارت کی حالیہ جارحیت سے آگاہ کیا ۔اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کی کارروائیاں اعلانِ جنگ کے مترادف ہیں۔ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا کہ سیکرٹری جنرل او آئی سی نے پاکستان سے یک جہتی اور کشمیری عوام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر تنازع کا منصفانہ حل ناگزیر ہے ۔ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فدان نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے رابطہ کیا اور پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنما¶ں نے ابھرتی ہوئی صورتحال پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق بھی کیا ۔ ترکیہ کے سفیر نے بھی اسحاق ڈار سے ملاقات کی ۔ ترک سفیر نے بھارتی حملوں کے دوران معصوم جانوں کے نقصان پر افسوس کیا ۔ فریقین نے علاقائی سلامتی کے خدشات پر گہرائی سے تبادلہ خیال کیا۔ دوسری جانب چین نے بھارتی فوجی کارروائی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین کو موجودہ صورتحال پر تشویش ہے ۔ بھارت اور پاکستان ایک دوسرے کے پڑوسی ہیں جو کہ ہمیشہ ایک ساتھ رہیں گے لیکن وہ دونوں ممالک چین کے بھی پڑوسی ہیں۔ چینی وزارت خارجہ نے بتایا کہ ہم ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتے ہیں۔ دونوں فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ امن اور استحکام کے وسیع تر مفاد میں کام کریں۔دونوں پرسکون رہیں، تحمل کا مظاہرہ کریں۔ پاکستان میں موجود چین کے سفیر نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی ۔

اسحاق ڈار نے چینی سفیر کو بھارت کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری کی بلا اشتعال خلاف ورزی سے آگاہ کیا ۔ ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے چینی سفیر کو معصوم جانوں کے ضیاع پر سنگین صورتحال سے آگاہ کیا اور انہوں نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔ دوسری جانب پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کے لیے سپین نے خدمات کی پیشکش کش کی ہے ۔اسحاق ڈار اور سپین کے وزیر خارجہ میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ سپین کے وزیر خارجہ نے بھارتی حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے تعزیت کا اظہار کیا اور بتایا کہ سپین صورتحال کو انتہائی سنجیدگی سے مانیٹر کر رہا ہے ۔انہوں نے کشیدگی سے نمٹنے کے لیے سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا ۔علاوہ ازیں قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا ہم نے فیصلہ کیا تھا پہل نہیں کریں گے مگر یہ بھی اعلان کیا تھا کہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے ، پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ ہم ذمہ دار ریاست ہیں ہم جنگ نہیں چاہتے چند روز قبل سیالکوٹ سیکٹر میں بھارتی جہاز وں کو فضاو¿ں میں لاک کردیا اور انہیں سری نگر ایئرپورٹ پر اترنا پڑا۔ ہم نے جنگ سے گریز کی پالیسی اپنائی ،ہم نے صرف ان جہازوں کو مارنے کا کہا جو پاکستان پر حملہ کریں۔ہم نے دوست ملکوں کو ساری صورتحال سے آگاہ کیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں