وزیراعظم کی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش، ہم تیار ہیں :بیرسٹر گوہر

وزیراعظم کی پی ٹی آئی کو مذاکرات  کی پیشکش، ہم تیار ہیں :بیرسٹر گوہر

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )قومی اسمبلی اجلاس کے آغاز میں قرآن پاک کی یہ آیت پڑھی گئی کہ “ اگر تمھارا کسی گروہ سے مقابلہ ہو جائے تو اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرو،آپس میں نہ جھگڑو ورنہ تم کمزور پڑ جاﺅ گے۔

تلاوت  کے بعدقومی ترانہ ختم ہوا تو ایوان “ نعرہ تکبیر اللہ اکبر، پاک فوج زندہ باد ،پاکستان زندہ باد ” کے نعروں سے گونج اٹھا ۔ حکومت اور اپوزیشن میں مفاہمت دیدنی تھی ، وزیراعظم نے “ایک ہی صف میں کھڑے ہوگئے محمودوایاز،نہ کوئی بندہ رہا نہ کوئی بندہ نواز۔شعر پڑھتے ہوئے تحریک انصاف کی جانب دوستی کاہاتھ بڑھایا اور بات چیت کی براہ راست دعوت دی ۔ اس موقع پر بیرسٹر گوہر،زرتاج گل دیگر پی ٹی آئی رہنماو¿ں کے چہروں پر مسرت کی جھلک دکھائی دی،وزیراعظم کو بھی ان کی جانب متوجہ پایا۔وزیر اعظم اپنی تقریر کے دوران متعدد بار جوش خطابت میں ڈائس پر ہاتھ اور مکے بھی مارتے رہے ۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہرنے وزیراعظم کی مفاہمت کی پیشکش کا مثبت جواب دیتے ہوئے تجویز دی کہ ہم بات چیت کے لئے تیار ہیں حکومت کو پاکستان کے مقبول رہنما عمران خا ن سے اب تو رابطہ کرناچاہیے ،ا پوزیشن نے مثال دی کہ 1971میں جب پاک بھارت جنگ شروع ہوئی توبھارتی وزیراعظم اندراگاندھی اپوزیشن رہنما واجپائی سے ملاقات کے لئے پہنچ گئیں اور دست تعاون طلب کیا جس پر بھارتی اپوزیشن قیادت نے کہا کہ گاندھی جی یقیناًحکومت آپ کی ہے مگر دیس توہمارا ہے ہم ساتھ ہیں ۔ ہم بھی یہی کہنا چاہتے ہیں کہ شہبازشریف کی حکومت ہوسکتی ہے مگر یہ دیس تو ہماراہے تعاون کے لئے تیار ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں