مقبوضہ کشمیر:فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانیکا بھارتی واویلا جھوٹ:پاکستانی سکیورٹی ذرائع
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کی جانب سے ہر محاذ پر بھارت کو چاروں خانے چت ہونے پر مودی سرکار نے ایک نیا فالس فلیگ آپریشن شروع کرتے ہوئے پاکستان کیخلاف میڈیا پراپیگنڈا شروع کردیا۔
پاکستانی سکیورٹی ذرائع نے بھارتی میڈیا پر مقبوضہ کشمیر، پٹھان کوٹ، راجستھان اور پنجاب میں دھماکوں کی بریکنگ نیوز کو فیک نیوز قرار دے دیا۔ ذرائع کے مطابق بھارتی میڈیا نے اپنی فوج اور حکومت کی ہزیمت کو چھپانے کیلئے نیا ڈرامہ شروع کردیا اور الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارتی پنجاب میں میزائل فائر کیا گیا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ میزائل حملے کا ڈرامہ بھی پہلگام فالس فلیگ کی طرح ہے ۔ دکھائے جانے والا میزائل زمین پر موجود گھاس پر پڑاہے اور اس کے گرنے سے گھاس بھی خراب نہیں ہوئی ، پہلے ہی یہ خبریں گردش میں ہیں کہ مودی بھارتی پنجاب میں فالس فلیگ کرکے الزام پاکستان پر لگا سکتا ہے ۔دوسری طرف مقبوضہ علاقے جموں میں بھی ایئرپورٹ پر حملے کی سنسنی خیز جھوٹی خبر پھیلائی گئی جبکہ انڈین فوجی ذرائع اس کی عالمی میڈیا پر تصدیق کرنے میں لگ گئے ۔بھارتی فوجی ذرائع کے مطابق جموں میں دفاعی نظام کو فعال کر دیا گیا جبکہ شہر بھر میں سائرن بج رہے ہیں۔
پاکستان کے سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا پر مقبوضہ کشمیر پر حملے کی خبریں فیک اور جھوٹ ہیں، فیک خبروں کو پھیلانے کا مقصد ناکام، جھوٹا تاثر پیدا کرنا ہے کہ پاکستان بھی بھارت پر حملہ کر رہا ہے ۔جھوٹی خبروں کو پھیلا کر بھارت پاکستان پر اپنی جارحیت جاری رکھنے کا مسلسل جھوٹا جواز پیدا کرنا چاہتا ہے ۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیرسے قبل امرتسر پر حملے کی جھوٹی خبر پھیلائی، امرتسر پر حملے کی جھوٹی خبر پھیلانے کا مقصد سکھ برادری کو پاکستان کے خلاف کرنا تھا جبکہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں حملوں کی جھوٹی خبر کا مقصد کشمیریوں میں پھوٹ ڈلوانا ہے ۔ بھارت اپنے طیارے گرانے کی خفت مٹانے کے لئے ایف 16 گرانے کی جھوٹی خبر پھیلا رہا ہے ۔سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ جعلی خبروں سے بھارت مقامی میڈیا اور عالمی سطح پر جھوٹا بیانیہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے ، پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں کوئی حملہ نہیں کیا، نہ اس کا کوئی طیارہ گرا ہے ۔
پاکستان نے اپنے تمام ایکشنز سے ثابت کیا کہ تمام ایکشنز صرف اپنے دفاع میں کئے ہیں جبکہ بھارت نے پچھلے 48 گھنٹوں میں پاکستان پر بِلااشتعال جارحیت کی ہے ،جس کے ناقابلِ تردید ثبوت پوری دنیا دیکھ چکی ہے ۔ ہر روز اپنی نئی ہزیمت، ناکامی چھپانے کے لیے بھارتی گودی میڈیا صبح شام جھوٹ بولتا ہے ۔بھارت اب تک جھوٹ اور پراپیگنڈے کے علاوہ پاکستان کے خلاف کوئی ایک ثبوت نہیں دے سکا، بھارتی جھوٹ اور پروپیگنڈا اب پوری دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے جو دنیا اپنی آنکھوں سے دیکھ رہی ہے ۔ فرانس کے معروف اخبارلی مونڈے نے بھی بھارت کے جھوٹ اور پراپیگنڈے کو بے نقاب کر دیا اور بھارتی فضائیہ کی نااہلی کا پول کھولتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں فوجی آپریشن نے بھارتی فضائیہ کی کمزوریوں کو ظاہر کر دیا ہے ۔ بھارت کے لڑاکا طیاروں بالخصوص رافیل کا تباہ ہونا بھارتی فضائیہ کے لئے شدید شرمندگی اور دھچکا ہے ، بھارت نے کم از کم تین لڑاکا طیاروں کے نقصان کوتسلیم کرلیا ہے ۔