پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں :ارکان قومی اسمبلی
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار)قومی اسمبلی میں مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان نے واضح طور پر کہا کہ ہم اپنے وطن کی سلامتی کے لئے متحد ہیں اور اپنیپاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔
دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر سید مصطفی شاہ کی زیر صدارت شروع ہوا ۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی عامر ڈوگر نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام آیا کہ ملکی سلامتی اور بقا کے لئے ور کرز شانہ بشانہ اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں ، وزیراعظم کی تقریر کے بعد یہ پیغام دینا چاہتے ہیں ہم سب متحد ہیں ۔ اپنی افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کل عدالتی تاریخ کاسیاہ دن تھا ،ملٹری کورٹ سے سویلین کا ٹرائل ہوسکتا ہے اس پر آئینی بینچ نے فیصلہ دیا ۔کل سے دل غمگین ہے جب یہ فیصلہ آیا اور ایسے موقع پر آیا جب پورا ایوان اکٹھے ہوکر پیغام دے رہا ہے پوری قوم متحدہے ، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں ملٹری کورٹ میں سویلین کا ٹرائل ہوسکتا ہے ۔ یوگنڈا نے بھی اس کو ختم کردیا تھا ،میں اس کی مذمت کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے ۔ پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی اقبال آفریدی نے کہاکہ اس دھرتی کو ہم اپنی ماں سمجھتے ہیں ۔ قوم جوابی کارروائی چاہتی ہے ۔پاکستان کی بقا کے لئے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے ۔ پیپلزپارٹی کے راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ ہندوستان ازلی دشمن ہے ۔
پاکستان ایئرفورس نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ۔ ہمیں دنیا کو بتانا پڑے گامودی انسانیت کا دشمن ہے ۔ وہ سب سے بڑا دہشت گرد ہے وہ آر ایس ایس کا کارکن ہے ۔ اس پارلیمان سے مودی کو پیغام مل چکا ہے ہم سب متحد ہیں ، جمعیت علمائے اسلام (ف) کی رکن اسمبلی شاہدہ اختر علی نے کہاکہ ملکی سلامتی کے لئے ہم یکجا ہیں ، دہشت گردی ہندوستان کرتا بھی ہے اور کرواتا بھی ہے اور الزام پاکستان پر لگاتا ہے ۔ ہم کیوں معذرت خوانہ رویے رکھیں ، سفارتی محاذ پر خودکو مضبوط کریں۔ثمینہ گھرکی نے کہاکہ ہم سب متحد ہیں۔ نگہت شکیل نے کہاکہ ہم اپنی پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں ، متحد ہوکر صرف پاکستان کی بات کریں ۔ ایک پاکستانی قوم بن جائیں اپنی افواج پاکستان کا حوصلہ بڑھائیں ۔ شازیہ مری نے کہا ہے کہ مودی کا صرف ایک ہی ایجنڈا ہے کہ وہ جنگ کو ہوا دینا چاہتا ہے ۔ جمشید دستی ،خورشید جو نیجو ، انور تاج ،ریاض فتیانہ اور پی پی پی کی رہنما ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کوبھارت کے طرزعمل کا نوٹس لینا چاہیے ، پہلگام کے فالس فلیگ آ پر یشن کے ذریعہ سندھ طاس معاہدے کو نشانہ بنایاگیاہے ،مودی کا ہندوتوا کا نظریہ بھارت کیلئے زہر ہے ۔ قبل ازیںقومی اسمبلی نے آج (9 مئی )ہونے والے اجلاس میں ایجنڈا کی معمول کی کارروائی معطل کرنے کی تحریک کی منظوری دیدی۔