ہر دل کی آواز-زندہ باد پاک افواج،،قوم کا اپنے محافظوں کو سلام،لوگ پھول نچھاور کرتے رہے،عوامی ریلیاں

ہر دل کی آواز-زندہ باد پاک افواج،،قوم کا اپنے محافظوں کو سلام،لوگ پھول نچھاور کرتے رہے،عوامی ریلیاں

لاہور (کورٹ رپورٹر ، خبر نگار ، کامرس رپورٹر ،نمائندگان دنیا)آپریشن بنیان مرصوص کے تحت بھارت کو دھول چٹانے پر زندہ باد پاک افوج کا نعرہ ہر دل کی آواز،قوم کا اپنے محافظوں کو سلام، لوگ پھول نچھاور کرتے رہے ، مختلف شہروں میں عوامی ریلیاں نکالی گئیں۔

 سیالکوٹ  میں بارڈر سے آنے والے پاک فوج کے ٹینکوں اور اہلکاروں کا پرتپاک استقبال کیا گیا،پاکستان کا جھنڈا اٹھائے شہریوں نے پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے ،پاک فوج کے جوانوں نے بھی پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا کر شہریوں کی محبت کا جواب دیا ۔لاہور میں مال روڈ پر مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام فتح ریلی نکالی گئی، عوام، سول سوسائٹی، تاجر برادری اور پارٹی کارکنان بڑی تعداد میں شریک ہوئے ، ریلی استنبول چوک سے پنجاب اسمبلی کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔صنعتی مزدور اتحاد نے بھی پاک فوج سے اظہاریکجہتی ریلی نکالی، وکلا نے بھارت کو کرارا جواب دینے پر جشن منایا، صدر لاہور ہائیکورٹ آصف نسوانہ ، فرخ الیاس چیمہ ، نصیر کمبوہ، واجد علی ودیگر نے کہا بھارتی میڈیا اور فوج حواس باختہ ہوگئی، جوابی کارروائی پر بھارت میں صف ماتم بچھ گئی ہے ۔

شاہ عالم مارکیٹ، شومارکیٹ راوی روڈ ، ہال روڈ، گڑھی شاہوبازار کے تاجروں نے بھی جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔گوجرانوالہ میں بھی شہریوں نے فتح ریلی نکالی۔مظفرآباد میں جب ذوالفقار بھٹو برج نلوچھی کے اوپر سے پاک فوج کی گاڑیاں گزریں تو امن اتحاد ایکشن کمیٹی و یونائٹڈ سوشل فورم اور شہریوں نے والہانہ نعرے بازی کی اور منوں پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔راولپنڈی اور میرپور کے عوام نے بھی سڑکوں پر آکر خوشی کا ظہار کیا اورکہا مسلح افواج پاکستان بری ،بحری اور فضائیہ نے جس طرح بے لگام دشمن کو جواب دیا اس پر قوم کے حوصلے بڑھ گئے ۔کراچی میں بھی ریلی نکالی گئیں ، مختلف مقامات پر مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔کوئٹہ میں بھی شہریوں نے جشن منایا۔ملتان میں بھی عوام کی بڑی تعداد ائیرپورٹ چوک پر جمع ہوئی اور پاک فوج کی فتح پر مٹھائی تقسیم کر کے خوشی کا اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں