قوم کو مبارکباد : آپریشن بنیان مرصوص کامیابی سے مکمل : پاکستان بھارت کے فوجی حکام کا ہاٹ لائن پر رابطہ جنگ بندی برقرار، 48 گھنٹوں میں بات چیت کا اگلا رائونڈ شہبار شریف کا ہر سال 10 مئی کو یوم معرکہ حق منانے کا اعلان

اسلام آباد(دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)پاک فوج نے ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ کامیابی سے مکمل ہونے کا باضابطہ اعلان کر دیا،قوم کو مبار کباد،22 اپریل سے 10مئی تک جاری رہنے والے ’’معرکہ حق‘‘ میں بھارتی فوجی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہمارے شہریوں اور سپاہیوں کا ولولہ اور قربانی پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ کیا، معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص میں زخمی جوانوں، شہریوں کی عیادت کی۔آرمی چیف زخمی فوجی جوانوں سے فرداً فرداً ملے ، آرمی چیف نے انتہائی بے مثال بہادری، عزم، فرض شناسی کو سراہا، آرمی چیف نے زخمی جوانوں کے علاج، بحالی اور بہبود کے مسلح افواج کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پوری قوم مسلح افواج کے ہر اہلکار کی حمایت میں مضبوطی سے کھڑی ہے ، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دشمن کی کوئی بھی سازش پاکستان کی مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتی۔آرمی چیف نے کہا کہ معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص میں افواج کے عزم و اتحاد نے ناقابل فراموش باب رقم کیا، پاکستانی عوام نے ثابت قدمی سے مسلح افواج کی حمایت کی۔آئی ایس پی آر نے کہا الحمدللہ! پاک فوج نے عوام سے کیا ہوا وعدہ پورا کیا، پاکستانی عوام نے بھی پاک فوج کا پورا ساتھ دیا،آپریشن بنیان مرصوص6اور7 مئی کے درمیان بھارتی حملوں کے جواب میں کیا گیا، بھارت کی جانب سے حملوں میں معصوم شہری ، خواتین اور بچے شہید ہوئے ، پاکستان نے شہریوں کا قتل اور انصاف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا عزم کیا تھا۔
ہم نے بھارت کو جواب دے کر اپنے شہدا کے خون کا حساب لے لیا، ہمارے دل اور ہمدردیاں شہدا کے خاندان کے ساتھ ہیں، ہم اپنے زخمی ہم وطنوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں، نوجوان سائبرمحاذ پر سپاہی بن کر دشمن کا مقابلہ کرتے رہے ، پاکستانی میڈیا بھارتی پروپیگنڈے اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران آہنی دیوار کی طرح کھڑا رہا۔قوم کے حوصلے اور دعاؤں نے پاک فوج کو ناقابل شکست قوت دی۔ بھارت کی 26فوجی تنصیبات کو پاکستان کی جانب سے ٹارگٹ کیا گیا، مسلح افواج اللہ تعالیٰ کی رحمت اور غیبی نصرت پر شکر گزار ہیں، اللہ تعالیٰ نے مومنوں کو حکم دیا ہے کہ جب اُن پر ظلم ہو تو وہ اس کا جواب دیں ہم سجدہ شکر بجالاتے ہیں کہ میدانِ جنگ میں اپنے عزم کو فیصلہ کن اقدامات میں بدلنے کی توفیق عطا فرمائی۔ ہم پاکستان کی مسلح افواج کے ہر افسر، سپاہی کا شکریہ ادا کرتے ہیں جوانوں نے اپنی جرأت، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانی کے ذریعے میدانِ جنگ میں یہ کامیابی ممکن بنائی ،مسلح افواج پوری قوم کی جرأت مندانہ اخلاقی طاقت، پختہ عزم، حمایت اور دعاؤں پر شکریہ ادا کرتی ہیں بلاشبہ یہی حمایت پاکستان کی مسلح افواج کے لیے سب سے موثر قوت ثابت ہوئی۔تمام سیاسی جماعتوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے یکجہتی کا مظاہرہ کیا، وزیراعظم، کابینہ ارکان نے ملک کی تقدیر بدلنے والے فیصلے کئے اور نازک مرحلے پر قوم کی رہنمائی کی پاکستان کا ردعمل تینوں افواج کے باہمی اشتراک کا ایک مربوط مثالی مظاہرہ تھا۔
بروقت صورتِ حال کی آگاہی، نیٹ ورک پر مبنی جنگی صلاحیتوں سے ممکن ہوا، فضائی، زمینی، بحری اور سائبر محاذوں پر اس ہم آہنگی نے بجلی کی طرح تیزی سے کارروائی کو ممکن بنایا، تمام پلیٹ فارمز نے یکجہتی کے ساتھ کام کرتے ہوئے منتخب کردہ اہم مقامات پر مربوط نتائج حاصل کئے ۔ دریں اثنا پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرلز آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز)کے درمیان بات چیت میں جنگ بندی برقرار رکھنے پر اتفاق ہوگیا جبکہ پاک فوج کا آپریشن بنیان مرصوص مکمل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے 22اپریل سے 10مئی کی صورتحال کو معرکہ حق قرار دیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان سیز فائرکا اگلا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے رابطہ ہوا اور بات چیت کا پہلا دور مکمل ہوگیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بات چیت میں جنگ بندی جاری رکھنے پر اتفاق ہوگیا،دونوں افواج کے درمیان کوئی فائرنگ نہیں ہوگی، شہری آبادیوں کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا، پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ڈرونز کے ذریعے کوئی دراندازی نہیں کی جائے گی۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ٹی وی سے گفتگو میں تصدیق کرتے ہوئے کہا دونوں ممالک نے سیز فائر پر اتفاق کرلیا ہے ،دونوں ممالک نے سیزفائر پر مذاکرات کے اگلے راؤنڈ تک اتفاق کیا ہے ، پاک بھارت بات چیت کا اگلا دور 48 گھنٹوں میں ہوگا۔
اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے معرکہ حق کے دوران شہید ہونے والوں کے لئے شہدا پیکیج اورآپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر ہر سال 10 مئی کو یوم معرکہ حق منانے کا اعلان کیا ہے ۔وزیرِ اعظم نے 16 مئی کو جمعہ کے روز پاکستان کو دفاعی محاذ پر شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین اور اﷲ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کے دن کے طور پر منانے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ یوم معرکہ حق ہر سال پورے ملک میں جوش و خروش اور جذبہ ملی وحدت سے منایا جائے گا، جمعہ کے دن یوم تشکر کے تسلسل میں خصوصی نوافل ادا کریں گے اور ملک و قوم کی ترقی کیلئے دعائیں کریں گے ۔ وزیراعظم نے معرکہ حق کے دوران شہید ہونے والوں کے لئے شہدا پیکیج کا اعلان کیا ،معرکہ حق میں شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں کے ورثا کو ایک کروڑ روپے جبکہ زخمی ہونے والوں کو 10 لاکھ روپے سے 20 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔
پاک افواج کے شہدا کے ورثا کو رینک کے حساب سے ایک کروڑ روپے سے 1.8 کروڑ روپے رقم دی جائے گی ۔پاک افواج کے شہدا کے ورثا کو گھر کی سہولت کے لئے رینک کے حساب سے 1.9 کروڑ روپے سے 4.2 کروڑ روپے دیئے جائیں گے ۔پاک افواج کے شہدا کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک ان کی مکمل تنخواہ بمعہ الاؤنسز جاری رہیں گی۔پاک افواج کے شہدا کے بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم دی جائے گی، پاک افواج کے ہر شہید کی ایک بیٹی کی شادی کے لئے 10 لاکھ روپے کی میرج گرانٹ دی جائے گی ،پاک افواج کے زخمی ہونے والوں کو 20 لاکھ روپے سے 50 لاکھ روپے فی کس دیئے جائیں گے ۔وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی حملے میں متاثر ہونے والے گھروں، شہید مساجد کی تعمیر وفاقی حکومت کرے گی،شہدا کے بچوں کی کفالت حکومت کی ذمہ داری ہے ، ہم یہ فرض پورا کریں گے ،زخمیوں کے علاج کا تمام خرچ وفاقی حکومت اٹھائے گی۔ محاذ پرخدمات انجام دینے کا اعتراف قومی سطح پر کیاجائے گا اورجوانوں کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔