قومی و پنجاب اسمبلی : آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کی فتح پر قراردادیں منظور

قومی و پنجاب اسمبلی : آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کی فتح پر قراردادیں منظور

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی میں بھارت کے خلاف کامیابی پر پاکستانی مسلح افواج کی تعریف اور امن و مکالمے کے عہد کی تجدید، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر اظہار تشکر کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی، اجلاس میں بھارت کے بزدلانہ حملوں میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کے لیے دعائے مغفرت کرائی گئی، قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی زیرِ صدارت شروع ہوا۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ آج کے دن کی نسبت سے قرارداد لا رہے ہیں، پاکستان کی مسلح افواج نے سرحدوں کی حفاظت کی اور ہم سرخرو ہوئے ۔پارلیمان میں موجود تمام سیاسی جماعتوں نے ایک زبان ہوکر پاکستان زندہ باد کا نعرہ بلند کیا، وفاقی وزیر نے کہا کہ آج کی قرارداد تمام سیاسی جماعتوں کی اجازت اور تعاون سے تیار کی گئی ہے ۔ اظہار تشکر کی مشترکہ قرارداد وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پیش کی۔ متن میں کہا گیا کہ تمام قوم دشمن کی جارحیت کے خلاف کامیابی پر اللہ کے سامنے سربسجود ہے ، ایوان پاکستان کی آرمڈ فورسز کو پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کی حفاظت پر خراج تحسین پیش کرتا ہے ۔قرارداد کے مطابق قومی اسمبلی بھارتی حملوں میں شہید ہونے والے بہادروں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ، ایوان پاکستان کی حمایت پر دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہے ۔قرارداد میں مزید کہا گیا کہ ایوان پاکستان کے عالمی امن اور استحکام کے لیے غیر متزلزل عزم کی حمایت کرتا ہے، ایوان جموں و کشمیر کے مسئلے کا کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کے لیے حکام سے عالمی سطح پر کوششیں کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ بعد ازاں قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی میں بھارتی جارحیت کے خلاف اور آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کی تاریخی فتح کے حق میں قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی،ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے قرارداد ایوان میں پیش کی جس کے متن میں کہا گیا تھا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر قوم اورپاک افواج کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،پاک افواج نے دشمن کا غرور خاک میں ملا کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، ایوان شہید ہونے والے معصوم شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے ،بھارتی جارحیت کیخلاف قوم متحد اور اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، پنجاب اسمبلی کااجلاس 2گھنٹے 39منٹ کی تاخیر سے سپیکر ملک محمد احمد خان کی صدارت میں شروع ہوا، وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے سپیکر کو اپنی کرسی چھوڑ کر ایوان میں بھارتی جارحیت کے خلاف بات کرنے کی اپیل کی جس پر سپیکر چیئر چھوڑ کر ممبران کے ساتھ بیٹھ گئے اور ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کے تدبر اور عاصم منیر کے مضبوط ارادوں سے بھارتی جنگی جنون کو وہ کاری ضرب لگی ہے کہ مودی کو سیز فائر اور ڈائیلاگ کا راستہ اختیار کرنا پڑا،جنگی جنون کو روکیں اگر نہیں روکیں گے تو نتیجہ میں جواب ایسا ہوگا ،ضرب اتنی سخت ہوگی دھویں راکھ کے نیچے کچھ نہیں بچے گا، چاہتا ہوں ممالک ڈائیلاگ سے معاملات حل کریں، ہم امن کے خواہاں ہیں ، قبل ازیں اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے بھارتی جارحیت کے حوالے سے قرارداد پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ملک کے لیے تاریخی دن ہے ،مسلح افواج و قوم نے ثابت کیا کہ ہم زندہ قوم ہیں، پی ٹی آئی سمیت پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے ، وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ تینوں مسلح افواج نے دشمن کو دھول چٹائی اور پیغام دیا کہ سب سے پہلے پاکستان ہے ،نوازشریف کا شکر گزار ہوں، ان کے ویژن کے مطابق شہبازشریف ،جنرل عاصم منیر و ٹیم نے بھارت کے خلاف کامیاب آپریشن کیا، اپوزیشن رکن حافظ فرحت عباس ، حکومتی رکن ذکیہ شاہنواز ،احمد اقبال اوردیگرنے بھی مسلح افواج کوخراج تحسین پیش کیا ،بعدازاں پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں